امریکا-ایران مذاکرات ملتوی ہونے کی وجوہات سامنے آگئیں

امریکا-ایران مذاکرات ملتوی ہونے کی وجوہات سامنے آگئیں

تہران (ویب ڈیسک) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ذرائع نے اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر کیے گئے حملوں کو امریکا-ایران مذاکرات کے ملتوی ہونے کی وجہ قرار دے دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آج صبح بھی اسرائیلی فوج کے لبنان پر حملوں میں 16 افراد شہید ہوئے ہیں، جس کے باعث ایرانی وفد سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہی نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق مذاکراتی وفد کی سربراہی کرنے والے باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سوئٹزرلینڈ روانگی کے لیے مکمل طور پر تیار تھے، تاہم اسرائیلی جارحیت جاری رہنے کے باعث ایرانی وفد کا دورہ آخری لمحات میں ملتوی کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا کے ساتھ ملتوی ہونے والے مذاکرات کی نئی تاریخ یا مقام کا تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ لبنان میں اسرائیلی کارروائی حالیہ ہفتوں کے دوران ہونے والی بدترین بمباری ہے۔ دوسری جانب امریکی صدر Donald Trump نے کہا ہے کہ امریکا امن کے لیے پُرعزم ہے، ہم لبنان، حزب اللہ اور اسرائیل سمیت تمام محاذوں پر مکمل جنگ بندی کی امید رکھتے ہیں۔