بین المذاہب ہم آہنگی اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے تمام مکاتبِ فکر کا تعاون ناگزیر ہے، نصراللہ عباسی

بین المذاہب ہم آہنگی اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے تمام مکاتبِ فکر کا تعاون ناگزیر ہے، نصراللہ  عباسی

کراچی (پ ر) ڈپٹی کمشنر کراچی ایسٹ نصراللہ عباسی کی زیرِ صدارت ضلع شرقی میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، مفتیانِ عظام، مذہبی و سماجی رہنماؤں، اقلیتی برادریوں کے نمائندگان، تاجر رہنماؤں اور سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر محمد نواز گھمرو بھی موجود تھے۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی، فرقہ وارانہ یکجہتی اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع شرقی میں محرم الحرام کے تمام اجتماعات، مجالس اور جلوسوں کو پرامن ماحول میں منعقد کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے اور مکاتبِ فکر باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مؤثر بنائیں گے۔ اجلاس میں عبداللہ شاہ غازی رینجرز، 92 ونگ رینجرز، پولیس، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، محکمہ اقلیتی امور، مختلف ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز، اوقاف و مذہبی امور کے نمائندگان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ اس موقع پر مفتی عابد مبارک، قاری محمد اقبال، سید شبیر زیدی، یعقوب عطاری، رام ناتھ مہاراج، معیز بی ایم، سلیم مائیکل ایڈووکیٹ، دنشا آواری اور گوردیال سندھ سمیت دیگر مذہبی و سماجی شخصیات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نصراللہ عباسی نے کہا کہ مذہبی رواداری، بھائی چارہ اور قومی یکجہتی ہی معاشرے کے استحکام کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مکاتبِ فکر اور مذاہب کے نمائندگان کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب امن، محبت اور برداشت کے فروغ کے لیے متحد ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد نواز گھمرو نے محرم الحرام کے انتظامات، بین الادارہ رابطوں اور عوامی سہولیات سے متعلق اہم نکات پیش کیے جنہیں شرکاء نے سراہتے ہوئے ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام، افواہوں کے تدارک اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے ڈپٹی کمشنر نصراللہ عباسی اور اسسٹنٹ کمشنر محمد نواز گھمرو کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع شرقی میں امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مل جل کر کام کیا جائے گا تاکہ محرم الحرام سمیت تمام مذہبی مواقع پر مثالی ماحول برقرار رکھا جا سکے۔