ترکی زبان، ثقافت، خطاطی اور تیر اندازی کی تربیت شامل
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج آفس اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے باہمی اشتراک سے دو ہفتوں پر مشتمل ترکش سمر کیمپ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ یہ سمر کیمپ 26 جون تک جاری رہے گا جس میں بچوں کو ترکی زبان، ترکی ثقافت، خطاطی، تیر اندازی سمیت مختلف تعلیمی، ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں کی تربیت فراہم کی جائے گی۔افتتاحی تقریب میں ترکیہ سفارتخانے کے تعلیمی مشیر ڈاکٹر مہمت تویران، یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ایرن میاسوگلو،علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے انٹرنیشنل کولیبریشن اینڈ ایکسچینج آفس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زاہد مجید، اساتذہ، والدین اور بڑی تعداد میں بچوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مہمت تویران نے کہا کہ اس نوعیت کی تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیاں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوان نسل کو ایک دوسرے کی ثقافتوں کو سمجھنے اور باہمی احترام کے فروغ کا موقع فراہم کرتے ہیں۔یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ایرن میاسوگلو نے کہا کہ اس سال سمر کیمپ نہ صرف اسلام آباد بلکہ دیگر شہروں میں بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی ریجن میں 22 جون سے 3 جولائی تک جبکہ لاہور ریجن میں 29 جون سے 10 جولائی تک بچوں کے لیے خصوصی سمر کیمپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ ان سرگرمیوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔ڈاکٹر زاہد مجید نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ سمر کیمپ بچوں کو ترکی زبان اور ثقافت کے ساتھ ساتھ فنونِ لطیفہ اور صحت مند غیر نصابی سرگرمیوں میں عملی شرکت کا موقع فراہم کرتا ہے جو ان کی شخصیت سازی، تخلیقی سوچ اور خود اعتمادی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو تعلیمی اور ثقافتی سطح پر مزید مستحکم بنانے کے لیے ایسے مشترکہ پروگرام نہایت اہم ہیں۔ڈاکٹر زاہد مجید نے یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے سابق ڈائریکٹر، پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار کی تین سالہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی و ثقافتی خدمات نے پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا۔ڈاکٹر زاہد مجید نے کہا کہ سمر کیمپ میں 33بچے تربیت حاصل کررہے ہیں اور یہ ہماری چوتھی سمر کیمپ ہے۔انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر کی دوراندیش قیادت اور بھرپور سپورٹ اس پروگرام کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔یہ ترکش سمر کیمپ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے وژن کے تحت نوجوان نسل کی ذہنی و فکری نشوونما اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کی جاری کاوشوں کا حصہ ہے۔
0 تبصرے