اسپیکر سے درخواست ہے کہ میرے نامناسب لفظ کو حذف کیا جائے، وائس چانسلرز نے میرے لفظ کی مذمت کی جو ٹھیک تھی
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو ڈکیت کہنے پر معذرت کرلی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتۂ اعتراض پر جواب دیتے ہوئے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو ڈکیت کہنے پر ایوان میں معذرت کی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا اسپیکر سے درخواست ہے کہ میرے نامناسب لفظ کو حذف کیا جائے، وائس چانسلرز نے میرے لفظ کی مذمت کی جو ٹھیک تھی، میں نے تجاوز کیا تھا، میری تقریر میں کرپشن پر زور تھا، کرپشن کسی بھی شعبے میں ہو اس کی بات کی۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے خواجہ آصف کے طرز عمل پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے کھلے دل کا مظاہرہ کرکے نامناسب لفظ حذف کرنے کی درخواست کی، مجھے ابھی تک وائس چانسلرز کا کوئی خط نہیں ملا مگر آپ نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ اراکین پارلیمنٹ قوم کے لیے رول ماڈل ہوتے ہیں۔
0 تبصرے