راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاک بحریہ نے علاقائی خطرات کے پیشِ نظر آپریشن محافظ البحر شروع کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقائی سمندری سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور اہم بحری راستوں میں ممکنہ خلل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک بحریہ نے قومی سمندری تجارت کو درپیش کثیر جہتی خطرات سے نمٹنے کے لیے یہ آپریشن شروع کیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد قومی توانائی کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنانا اور سمندری مواصلاتی راستوں کی حفاظت کو برقرار رکھنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے اسکارٹ آپریشنز پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے ساتھ قریبی تعاون کر رہے ہیں۔ پاک بحریہ موجودہ سمندری صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ ان کی محفوظ اور پرامن آمد و رفت کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے اس آپریشن کا بنیادی مقصد اہم سمندری راستوں کو محفوظ اور مستحکم رکھنا ہے۔
0 تبصرے