“ایران کے خلاف جنگ امریکا ہار جائے گا”

چین کے معروف جیو پولیٹیکل تجزیہ کار جیانگ شوچین کی تیسری پیشگوئی

“ایران کے خلاف جنگ امریکا ہار جائے گا”

بیجنگ: چین کے معروف جیو پولیٹیکل تجزیہ کار جیانگ شوچین کی تیسری پیشگوئی ایک بار پھر میڈیا میں نمایاں ہو رہی ہے، جو ایران کے خلاف امریکا کی جنگ کے نتیجے سے متعلق ہے۔ پروفیسر جیانگ شوچین نے 2024 میں تین بڑی پیشگوئیاں کی تھیں۔ پہلی یہ کہ ٹرمپ دوبارہ صدارتی انتخاب جیت کر امریکا کے صدر بنیں گے۔ دوسری یہ کہ ٹرمپ ایران کے ساتھ جنگ شروع کریں گے۔ اب وہ اپنی تیسری پیشگوئی پر بھی قائم ہیں۔ پروفیسر جیانگ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف جنگ میں امریکا کو شکست ہوگی اور ایران کامیاب ہوگا۔ ان کے مطابق ایسے نتیجے سے امریکا کی عالمی بالادستی کو شدید دھچکا لگے گا، جس کے بعد چین اور روس مضبوط طاقتوں کے طور پر مزید ابھریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے جنگی تجزیے کے مطابق ایران کو امریکا کے مقابلے میں کئی اسٹریٹجک فوائد حاصل ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ ایسی جنگ ہے جو تھکن اور نقصانات کے تبادلے پر مبنی ہوتی ہے، جبکہ ایرانی گزشتہ 20 سال سے اس جنگ کی تیاری کر رہے تھے۔ پروفیسر جیانگ نے مزید کہا کہ ایرانیوں کے مذہبی نظریے میں یہ “عظیم شیطان” کے خلاف جنگ ہے۔ انہوں نے متعدد فوجی مشقیں کی ہیں۔ گزشتہ جون میں 12 روزہ جنگ بھی ہوئی تھی جس کے دوران ایرانیوں نے اسرائیل اور امریکا کی حملہ آور صلاحیتوں کا تجزیہ کیا، اور اب انہیں نئے حملے کی تیاری کے لیے آٹھ ماہ کا وقت بھی ملا۔ جیانگ کے مطابق ایران کے پراکسی گروپ، جیسے حوثی تحریک، حزب اللہ، حماس اور دیگر ملیشیائیں، امریکی حکمتِ عملی اور ذہنیت کو اچھی طرح سمجھ چکی ہیں اور اب ان کے پاس ایسی مضبوط حکمت عملی موجود ہے جس کے ذریعے امریکی طاقت کو کمزور کر کے بالآخر ختم کیا جا سکتا ہے۔