ایران کا امریکہ سے مذاکرات سے دوٹوک انکار، اسرائیل کا خامنہ ای کے ہر جانشین کو نشانہ بنانے کا اعلان

ایران کا امریکہ سے مذاکرات سے دوٹوک انکار، اسرائیل کا خامنہ ای کے ہر جانشین کو نشانہ بنانے کا اعلان

تہران / واشنگٹن / تل ابیب (ویب ڈیسک) ایران نے ایک بار پھر امریکہ سے مذاکرات سے انکار کر دیا ہے، جبکہ سعودی عرب، اسرائیل، امریکہ اور کینیڈا سمیت کئی ممالک کے رہنما تازہ کشیدگی پر سخت بیانات دے رہے ہیں۔ خطے میں فوجی کارروائیوں، آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے دعوؤں اور ہلاک فوجیوں سے متعلق رپورٹس کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ میں تنازع ایک نئے مرحلے میں داخل ہوتا نظر آ رہا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایران نے ایک بار پھر امریکہ سے بات چیت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ شہید آیت اللہ خامنہ ای کے سینئر مشیر محمد مخبر نے کہا ہے کہ ایران امریکہ سے کبھی مذاکرات نہیں کرے گا اور ایرانیوں کا امریکیوں سے کسی بھی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔ بزدلانہ حملوں کے بعد ایرانی جارحیت کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں: سعودی عرب عرب میڈیا کے مطابق منگل کی رات سعودی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا، جس کی صدارت ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور علاقائی و عالمی سلامتی اور استحکام پر اس کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سعودی کابینہ نے کہا کہ مملکت بزدلانہ حملوں کے بعد ایرانی جارحیت کا جواب دینے کا مکمل حق محفوظ رکھتی ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کے بعد ان کے ہر جانشین کو نشانہ بنائیں گے: اسرائیلی وزیر دفاع سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کے کسی بھی جانشین کو نشانہ بنانے کے لیے اسرائیلی وزیر اعظم نے انہیں اور فوج کو تیار رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ایرانی حکومت کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔ تہران میں ایرانی جنگی طیارہ مار گرایا: اسرائیلی فوج اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی جنگی طیارے نے تہران میں ایرانی جنگی طیارہ مار گرایا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ایرانی طیارے کو اسرائیلی ایف-35 جنگی جہاز نے تہران کی فضائی حدود میں نشانہ بنایا۔ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے: ایرانی گارڈز کا دعویٰ ایرانی گارڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی انتباہ کو نظر انداز کرنے والے 10 سے زائد آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر آبنائے ہرمز میں کمرشل جہازوں کے ساتھ امریکی بحریہ بھی جائے گی۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جہازوں کی انشورنس میں امریکی مالیاتی ادارہ مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز سمیت تمام تجارتی جہازوں کو انشورنس اور ضمانتیں فراہم کی جائیں گی، اس اقدام کا مقصد ایرانی خلیج میں جاری کشیدگی کے دوران تجارتی سرگرمیوں کا تحفظ ہے۔ ایران کو خطے میں عدم استحکام اور دہشت گردی کا بنیادی ذریعہ سمجھتے ہیں: کینیڈین وزیر اعظم کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے کہا ہے کہ ایران کا موجودہ تنازع عالمی نظام کی ناکامی کی ایک اور مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایران کو خطے میں عدم استحکام اور دہشت گردی کا بنیادی ذریعہ سمجھتے ہیں۔ وزیر اعظم مارک کارنی نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں شہریوں اور شہری انفراسٹرکچر پر ایران کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ امریکہ نے ایرانی حملے میں مارے جانے والے فوجیوں کی تصاویر جاری کر دیں امریکہ نے کویت میں ایرانی حملے میں مارے جانے والے 6 اہلکاروں میں سے 4 کی تفصیلات اور تصاویر جاری کر دی ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق 4 فوجی اتوار کے روز کویت کی پورٹ شعیبہ میں امریکی فوجی اڈوں پر ڈرون حملے میں مارے گئے تھے، ہلاک ہونے والے چاروں امریکی فوجیوں کا تعلق آئیووا کی امریکی آرمی ریزرو یونٹ سے تھا۔ مارے جانے والے امریکی فوجیوں کی شناخت نوح ٹیجنز، نیکول امور، کوڈی خورک اور ڈیکلن کے ناموں سے کی گئی ہے۔ امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ میں اب تک 6 امریکی فوجی مارے جا چکے ہیں، جبکہ ایران کا دعویٰ ہے کہ اس کے حملوں میں اب تک 160 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کو ایٹمی ریاست کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتا: امریکی سینیٹر کی زبان پھسل گئی چک شومر ایران اسرائیل جنگ پر تبصرے کے دوران ایک موقع پر زبان پھسل بیٹھے۔ امریکی سینیٹ میں اقلیتی لیڈر نے کہا کہ کوئی بھی اسرائیل کو ایٹمی ریاست کے طور پر نہیں دیکھنا چاہتا، تاہم غلطی کا احساس ہونے پر چک شومر نے وضاحت کی کہ کوئی بھی جوہری ایران نہیں دیکھنا چاہتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹرمپ کی جنگ ہے، انٹیلی جنس کمیٹی کو بریفنگ کے بعد ہماری تشویش میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ ٹرمپ انتظامیہ کے پاس جنگ کے حوالے سے کوئی واضح منصوبہ بندی موجود نہیں ہے۔ ایران کے خلاف غیر قانونی جنگ جھوٹ پر مبنی ہے: امریکی سینیٹر امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹک سینیٹر الزبتھ وارن نے ایران کے خلاف جنگ پر ٹرمپ انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک غیر قانونی جنگ ہے جو جھوٹ پر مبنی ہے اور ایران کی جانب سے امریکہ کے خلاف کسی فوری خطرے کے بغیر شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال پر غصے میں ہیں اور جنگ میں مارے جانے والے افراد پر صدمے کا شکار ہیں، اور جنگ کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گی۔