گمبٹ کے قریب حادثہ، پنجاب کے رہائشی باپ بیٹا جاں بحق، 8 افراد زخمی

جاں بحق افراد کی شناخت پنجاب کے رہائشی 12 سالہ سانول اور اس کے والد 32 سالہ شاہد سندیلو کے نام سے ہوئی ہے

گمبٹ کے قریب حادثہ، پنجاب کے رہائشی باپ بیٹا جاں بحق، 8 افراد زخمی

گمبٹ کے قریب پپری پل کے مقام پر تیز رفتار مزدا گاڑی کا بریک فیل ہونے کے باعث گاڑی سم نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں باپ بیٹا جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت پنجاب کے رہائشی 12 سالہ سانول اور اس کے والد 32 سالہ شاہد سندیلو کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمیوں میں محمد اجمل، دلشاد، عدنان، محمد ایوب، علی حمزہ، محمد راجا، فیض عباس اور محمد حسین مہانو شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گمبٹ کے قریب پپری پل پر گدروں سے بھری تیز رفتار مزدا گاڑی کا بریک فیل ہوگیا جس کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر سم نالے میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں 32 سالہ شاہد سندیلو اور اس کا 12 سالہ بیٹا سانول سندیلو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 8 مزدور زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر حد پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو نکال کر علاج کے لیے گمس اسپتال کے ریپڈ سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ لاشیں گھروں تک پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور اہل خانہ غم سے نڈھال ہوگئے۔