سندھ میں آج تیز ہواؤں، گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

سندھ میں آج تیز ہواؤں، گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

کراچی (رپورٹر) محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک نئے مغربی موسمی سسٹم کے اثر کے تحت آج 28 مارچ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور آندھی کے ساتھ ہلکی سے درمیانی جبکہ بعض مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔ ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سسٹم صرف کراچی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ دیہی اضلاع خصوصاً جامشورو، جیکب آباد، کشمور اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہونے کا امکان ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے وارننگ جاری کی گئی ہے کہ بارش کے دوران تیز ہوائیں اور آندھی چل سکتی ہے، جس کے باعث کمزور عمارتوں، سائن بورڈز اور درختوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران آسمانی بجلی سے بچنے کے لیے کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ دوسری جانب آج کراچی میں موسم گرم رہنے اور دھوپ نکلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔