ترکی میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، اداکارہ ہانڈی ارچل سمیت کئی اہم شخصیات گرفتار

ترکی میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، اداکارہ ہانڈی ارچل سمیت کئی اہم شخصیات گرفتار

استنبول (ویب ڈیسک) ترکی میں منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران معروف اداکارہ ہانڈی ارچل سمیت شوبز، کھیل اور کاروباری حلقوں سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیات کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ استنبول کے پراسیکیوٹرز کی جانب سے مجموعی طور پر 16 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، جن میں سابق فٹبال کلب کے صدور فکریت اورمان اور براق الماس بھی شامل ہیں۔ انہیں استنبول نارکوٹکس کرائم ڈویژن نے حراست میں لے لیا ہے۔ تحقیقات کے دائرے میں کاروباری شخصیات حقان صابانجی اور کریم صابانجی، ماڈل دیدم سویڈان اور ٹی وی میزبان گزدی دوران بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق استنبول کے مختلف علاقوں میں بیک وقت 16 مقامات پر چھاپے مارے گئے، جس کے نتیجے میں 14 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ باقی دو کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔ استنبول چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد معاشرتی اقدار اور خاندانی نظام کا تحفظ ہے۔ بیان کے مطابق ابتدائی شواہد کی بنیاد پر ان افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جن پر منشیات رکھنے یا اس کے استعمال میں سہولت فراہم کرنے کا شبہ ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور معاملے کو مکمل سنجیدگی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ اس حوالے سے مزید انکشافات کا بھی امکان ہے۔