تہران (ویب ڈیسک) ایرانی فوج کے ترجمان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی شکست کو معاہدہ نہ کہا جائے، آپ خود ہی اپنے ساتھ باتیں کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے (امریکا اور ٹرمپ کا نام لیے بغیر) ایک ’’خود ساختہ عالمی سپر پاور‘‘ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنی ناکامی کو معاہدے کا نام نہ دیا جائے۔
ایرانی میڈیا پر نشر ہونے والے ویڈیو پیغام میں ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ کیا آپ کے اندرونی اختلافات اس حد تک پہنچ چکے ہیں کہ آپ خود ہی اپنے ساتھ باتیں کر رہے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ آپ نہ تو خطے میں اپنی سرمایہ کاری دوبارہ دیکھ سکیں گے اور نہ ہی توانائی اور تیل کی پرانی قیمتیں بحال ہوں گی، جب تک آپ یہ نہ سمجھیں کہ خطے کا استحکام ہماری مسلح افواج کے مضبوط ہاتھوں سے یقینی بنایا جاتا ہے، استحکام طاقت سے آتا ہے۔
ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ ’’ہم جیسے لوگ آپ جیسے لوگوں کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، نہ اب اور نہ ہی کبھی۔‘‘
0 تبصرے