ممبئی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیرِاعلیٰ اجیت پوار ایک فضائی حادثے میں جاں بحق ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارہ حادثہ پونے کے علاقے بارامتی میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والے چارٹرڈ طیارے میں مہاراشٹر کے نائب وزیرِاعلیٰ اجیت پوار بھی سوار تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارے میں اجیت پوار کے دو ساتھی اور عملے کے دو ارکان بھی موجود تھے، جن میں سے کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، جبکہ متعلقہ اداروں نے حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیرِاعلیٰ ممتا بنرجی نے طیارہ حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ “اس واقعے کی مناسب اور شفاف جانچ ہونی چاہیے۔”
دوسری جانب بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں لکھا کہ “اجیت پوار ایک مضبوط رہنما تھے اور ان کا عوام کے ساتھ گہرا تعلق تھا۔”
انہوں نے کہا کہ “ایک محنتی شخصیت کے طور پر انہیں بڑے پیمانے پر عزت دی جاتی تھی اور وہ مہاراشٹر کے عوام کی خدمت میں پیش پیش رہے۔”
نریندر مودی نے مزید لکھا کہ “انتظامی امور کے بارے میں ان کی سمجھ بوجھ اور غریبوں و پسماندہ طبقات کو بااختیار بنانے کا جذبہ بھی قابلِ تحسین تھا۔ ان کا اچانک انتقال نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ ان کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔”
مہاراشٹر کے سابق وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ صحافیوں سے گفتگو کے دوران جذباتی ہو گئے اور کسی بھی سوال کا جواب نہ دے سکے۔
کانگریس رہنما پرمود تیواری نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ “طیارہ حادثے کی تصاویر انتہائی خوفناک اور دل دہلا دینے والی ہیں۔”
0 تبصرے