لونگ کا تیل مردوں کے اہم مسائل کا حل

لونگ کا تیل مردوں کے اہم مسائل کا حل

کراچی (ویب ڈیسک) لونگ کا استعمال قدیم زمانے سے حکما کرتے آ رہے ہیں اور آج بھی لونگ کو ایک اہم مصالحہ سمجھا جاتا ہے۔ لونگ میں موجود غذائی اجزا نہایت فائدہ مند ہیں۔ اس میں کیلوریز، کاربوہائیڈریٹس، چکنائی اور پروٹین کے علاوہ آئرن، سوڈیم، پوٹاشیم اور وٹامنز شامل ہوتے ہیں۔ لونگ کے ذریعے کئی بیماریوں کا علاج بھی کیا جاتا ہے۔ یہ دانتوں کے امراض سے لے کر دیگر بیماریوں میں شفا بخش ثابت ہوتی ہے۔ ایران اور چین میں لونگ کو قوتِ باہ کا محرک قرار دیا جاتا ہے۔ کھانوں میں لونگ کے استعمال سے معدے سے غیر ضروری مادے خارج ہونے میں مدد ملتی ہے۔ قدیم معالج لونگ کو بے شمار بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال کرتے تھے۔ آیورویدک طریقہ علاج میں لونگ کا جوشاندہ، تیل اور سفوف خون کی گردش اور جسمانی درجہ حرارت کو برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ سر درد کے لیے لونگ کا سفوف نمک اور دودھ میں ملا کر سر پر لیپ کیا جاتا ہے۔ کھانسی کے لیے ایک لونگ نمک کے ساتھ چبانے سے فائدہ ہوتا ہے، جبکہ سانس کی تکلیف سے نجات کے لیے 6 لونگ ایک گلاس پانی میں ابال کر اس کے جوشاندے میں ایک چمچ شہد ملا کر دن میں تین بار پیا جاتا ہے۔ لونگ کھانوں میں خوشبو کے ساتھ ساتھ دماغ کو بھی طاقت دیتی ہے۔ لونگ اور ہلدی کا سفوف انڈے کی سفیدی کے ساتھ ملا کر پھوڑوں پر لگانے سے پھوڑے نکلنا بند ہو جاتے ہیں۔ دانتوں کے درد سمیت منہ کی دیگر تکالیف اور مسوڑھوں سے خون آنا بھی لونگ چبانے سے ختم ہو جاتا ہے۔ لونگ کا تیل منجن کی طرح دانتوں پر لگانے سے آرام ملتا ہے۔ یہ پیٹ کی تکالیف، بدہضمی، قے اور دیگر مسائل سے بھی نجات دلاتا ہے۔ لونگ کا تیل بھی نہایت مفید ہوتا ہے، جو مختلف مراحل سے گزار کر حاصل کیا جاتا ہے۔ اس میں بڑی مقدار میں فینول پایا جاتا ہے جو اعلیٰ درجے کا اینٹی سیپٹک ہے، اسی وجہ سے یہ مختلف انفیکشنز کے خاتمے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ لونگ کے تیل کو پرفیوم اور باتھ سالٹ میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ لونگ کے تیل کو تھوڑی سی شہد اور لہسن کے ساتھ ملا کر کھانے سے کھانسی ختم ہو جاتی ہے۔ جوڑوں کے درد کے لیے بھی لونگ کا تیل مفید ہے، جبکہ اس کی مالش سے جلدی امراض میں بھی افاقہ ہوتا ہے۔ کان کے درد کے لیے ایک چمچ تیل میں دو لونگ ڈال کر گرم کریں، پھر ٹھنڈا کر کے کان میں ڈالیں، اس سے کان کی تکلیف بھی دور ہو جاتی ہے۔