حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرنے کا اعلان کردیا
اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55، 55 روپے اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 321 روپے 17 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 335 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات سے ہوگا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے میں جنگ جیسی صورتحال پیدا ہوچکی ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور آج خود اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حالات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ حکومت کو یہ دیکھنا تھا کہ قیمتوں میں کتنا اضافہ کیا جائے تاکہ حالات کے مطابق متوازن فیصلہ کیا جاسکے۔ ان کے مطابق پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرانے کے لیے دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطے میں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ روز سے روزانہ صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ ملک اس وقت غیر معمولی حالات سے گزر رہا ہے اور پڑوسی خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال نے پورے علاقے کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیشگی اقدامات کے طور پر پیٹرولیم کے ذخائر میں اضافہ کیا تھا اور کوشش ہے کہ اس معاملے کو حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مجبوری کے تحت کیا گیا ہے، تاہم جیسے ہی عالمی حالات بہتر ہوں گے حکومت اسی تیزی کے ساتھ قیمتوں میں کمی بھی کرے گی اور ہر ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
0 تبصرے