کراچی (وسیم قریشی) برصغیر کے لیجنڈ قوال مقبول صابری کے صاحبزادے شمائل مقبول صابری کی ولیمے کی پُروقار اور یادگار تقریب شہرِ قائد میں نہایت شان و شوکت سے منعقد ہوئی، جس میں ملک و بیرونِ ملک سے معزز مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
تقریب میں معروف قوال افضل صابری اور فیصل اقبال سمیت فنِ قوالی سے وابستہ ممتاز شخصیات شریک ہوئیں۔ محفل میں روحانی اور ثقافتی رنگ نمایاں رہا جبکہ صابری خاندان سے عقیدت رکھنے والوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مہمانوں کا کہنا تھا کہ مقبول صابری کی فنی خدمات آج بھی دلوں میں زندہ ہیں اور ان کے صاحبزادے کی خوشیوں میں شریک ہونا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
ولیمے کی اس پروقار تقریب میں ساؤتھ افریقہ، کینیڈا اور مختلف یورپی ممالک سے آنے والے مہمانوں نے خصوصی شرکت کی ۔ بیرونِ ملک سے آئے ہوئے مہمانوں نے صابری خاندان سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوالی کی دنیا میں مقبول صابری کا نام ایک ادارے کی حیثیت رکھتا ہے۔
تقریب میں یوٹیوبرز، ٹک ٹاکرز، صحافی حضرات اور سماجی شخصیات کی بھی نمایاں شرکت رہی۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تقریب کی جھلکیاں وائرل ہوتی رہیں اور مداحوں کی جانب سے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہا۔ مہمانوں کی بہترین تواضع کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا جبکہ سیکیورٹی اور انتظامات بھی مثالی دکھائی دیے۔
آخر میں صابری خاندان کی جانب سے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا گیا اور شمائل مقبول صابری کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا گیا کہ اللہ تعالیٰ انہیں زندگی کے ہر میدان میں کامیابی اور خوشیاں عطا فرمائے۔
یہ تقریب نہ صرف ایک خاندانی خوشی کا موقع تھی بلکہ قوالی کی عظیم روایت سے جڑے محبت کرنے والوں کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی۔
0 تبصرے