عمرکوٹ ؛عمرکوٹ کے علاقے دھورونارو کے گاؤں کنہار کے رہائشی محرم ولد منجی بھیل اور ان کے بیٹے گھمن بھیل نے پریس کلب عمرکوٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کا بھتیجا آسن بھیل اور ان کا چھوٹا بھائی تنو بھیل ان کے ذاتی پلاٹ پر ناجائز قبضے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں ہراساں کر رہے ہیں۔
متاثرہ شخص نے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل دھمکیوں کی وجہ سے وہ مجبور ہو کر اپنا پلاٹ دوسری پارٹی کو فروخت کر کے اپنے خاندان سمیت دوسری جگہ منتقل ہو گیا، تاہم آسن بھیل اور تنو بھیل وہاں بھی پہنچ کر اسی پلاٹ پر قبضے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر انہیں اور ان کے خاندان کو ہراساں کر رہے ہیں، جس کے باعث وہ اور ان کا خاندان خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
محرم بھیل، ان کے بیٹے گھمن بھیل اور دولت بھیل نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی عمرکوٹ سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا نوٹس لے کر ان پر ہونے والی مبینہ زیادتیوں کا ازالہ کیا جائے اور الزام میں نامزد افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ اگر انہیں اور ان کے خاندان کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو وہ کسی بھی وقت کسی بڑے نقصان کا خدشہ رکھتے ہیں۔
0 تبصرے