محسن نقوی مضبوط آدمی ہیں، وہ بھارت سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر لڑنا جانتے ہیں: وکُرانت گپتا

محسن نقوی مضبوط آدمی ہیں، وہ بھارت سے آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر لڑنا جانتے ہیں: وکُرانت گپتا

نئی دہلی (ویب ڈیسک) معروف بھارتی اسپورٹس صحافی وکُرانت گپتا نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی حکمتِ عملی اور فیصلوں کی تعریف کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو پہلی بار ایسا مضبوط شخص ملا ہے جو بھارت سے “آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر” بات کرنے اور لڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک ٹی وی شو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وکُرانت گپتا نے کہا کہ “پاکستان کرکٹ بورڈ میں پہلی بار کوئی ایسا شخص آیا ہے جو کہتا ہے کہ آؤ آمنے سامنے لڑیں، اس معاملے میں محسن نقوی داد کے مستحق ہیں۔” واضح رہے کہ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو باضابطہ خط لکھ کر بنگلادیش کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں وہ بنگلادیش کی جانب سے بھارت میں ورلڈ کپ میچز نہ کھیلنے کے فیصلے کی حمایت کرتا ہے۔ دوسری جانب خبریں گردش کر رہی ہیں کہ محسن نقوی نے کرکٹ کے میدان میں بھارتی دباؤ کے خلاف سخت مؤقف اختیار کر لیا ہے۔ محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کی تمام تیاریاں عارضی طور پر روک دی ہیں۔ یاد رہے کہ ایشیا کپ کے دوران جب بھارتی ٹیم نے فائنل جیتنے کے بعد محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا تو جواباً بھارتی ٹیم کو ٹرافی نہیں دی گئی تھی، جس پر عالمی میڈیا میں بڑا چرچا ہوا تھا۔ کرکٹ تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کے اس جارحانہ انداز نے پاکستان کرکٹ کی ساکھ بحال کی اور اب بھارتی میڈیا بھی انہیں تسلیم کرنے پر مجبور ہو گیا ہے۔