جے ایس اسکول کیمپس تھری میں بہترین کارکردگی پر شاندار ایوارڈ تقریب کا انعقاد

جے ایس اسکول کیمپس تھری میں بہترین کارکردگی پر شاندار ایوارڈ تقریب کا انعقاد

کراچی (پ ر ) سرجانی ٹاؤن میں واقع جے ایس اسکول کے کیمپس تھری میں ایک پروقار اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادارے کے باصلاحیت اور محنتی اسٹاف ممبر نعمان علی رضا کو ان کی غیر معمولی کارکردگی کے اعتراف میں بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ تقریب کا ماحول خوشی اور فخر سے بھرپور تھا جہاں اساتذہ اور عملے کے دیگر اراکین نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کے ایڈمنسٹریٹر عثمان جاوید نے نعمان علی رضا کو اعزازی شیلڈ اور تعریفی اسناد پیش کیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ نعمان رضا خان نے اپنی ذمہ داریاں نہایت دیانتداری، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ ان کی انتھک کاوشوں اور مثبت رویے نے نہ صرف تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا بلکہ ادارے کی مجموعی کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ عثمان جاوید کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی ترقی اس کے مخلص اور محنتی عملے کی مرہونِ منت ہوتی ہے، اور نعمان علی رضا کی خدمات اس کی بہترین مثال ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دیگر اسٹاف ممبران بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ایوارڈ حاصل کرنے والے کو دلی مبارکباد پیش کی اور ادارے کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایسے حوصلہ افزا اقدامات سے عملے کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور تعلیمی معیار کو بلند کرنے میں مدد ملے گی۔