عمان کے بیٹر محمد ندیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں منفرد اعزاز حاصل کر لیا

عمان کے بیٹر محمد ندیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں منفرد اعزاز حاصل کر لیا

عمان کے تجربہ کار کرکٹر محمد ندیم نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔ وہ ٹورنامنٹ کی تاریخ میں نصف سنچری بنانے والے سب سے زیادہ عمر کے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 43 سالہ محمد ندیم نے نہ صرف ذمہ دارانہ اننگز کھیلی بلکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کی سست ترین نصف سنچری کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، جو اس سے قبل پاکستان کے محمد رضوان کے پاس تھا۔ میچ میں سری لنکا اور عمان کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔ سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 225 رنز بنائے، جس کے جواب میں عمان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز ہی بنا سکی اور اسے 105 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ عمان میچ ہار گئی، تاہم ہدف کے تعاقب میں محمد ندیم نے 52 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی اور 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس کارکردگی کے ساتھ انہوں نے سست ترین نصف سنچری کا ریکارڈ برابر کیا۔ یاد رہے کہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے محمد رضوان نے بھی کینیڈا کے خلاف 52 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی۔ محمد ندیم 43 سال اور 161 دن کی عمر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ففٹی بنانے والے معمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے سابق کھلاڑی سنتھ جے سوریا کے پاس تھا، جنہوں نے 2009 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 39 سال اور 345 دن کی عمر میں 81 رنز اسکور کیے تھے۔