وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کے فوج سے متعلق بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی کے فوج سے متعلق بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ کل اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پاکستانی فوج چار اضلاع کی فوج ہے۔ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیان کی اپوزیشن لیڈر سے توقع نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے پاک فوج پر الزام لگانے کی کوشش کی ہے، جبکہ ہر باشعور انسان جانتا ہے کہ پاکستان کی فوج پورے ملک کی فوج ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں 3141 فوجیوں نے شہادت حاصل کی۔ 2021 سے فروری 2026 تک 170 افسران شہید ہوئے، جے سی اوز کی تعداد 212 رہی جبکہ 2759 جوان شہید ہوئے۔ آزاد جموں و کشمیر سے سب سے زیادہ 2034 شہادتیں ہوئیں، بلوچستان میں 103، گلگت بلتستان میں 161، خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 534، پنجاب میں 1657 اور سندھ میں 452 فوجی شہید ہوئے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے بعد کوئی بتائے کہ کیا پاک فوج چار اضلاع کی فوج ہے؟ بلوچستان میں پنجاب کے شناختی کارڈ دیکھ کر گولی مار دی جاتی ہے، لیکن پنجاب والوں کو گولی مارنے پر بلوچستان سے کوئی آواز نہیں اٹھتی۔ کیا یہ چار اضلاع کی فوج ہے یا پاکستان کی فوج؟ اپوزیشن لیڈر کا عہدہ قومی عہدہ ہے، کسی ضلع کا نہیں۔ اس عہدے پر بیٹھ کر غیر ذمہ دارانہ بیان دینا اس عہدے کی توہین ہے۔ یہ وطن اور قوم کی جنگ ہے، کسی ضلع کی جنگ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی اپنے نظریات کی پاسداری کریں لیکن حملے نہ کریں۔ پاک فوج کسی صوبے یا ضلع کی فوج نہیں ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں ہم روزانہ نقصان اٹھا رہے ہیں۔ بلوچستان میں دو سو سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔ اسلام میں خونریزی کی کوئی اجازت نہیں۔ ہمارے فوجیوں کے سر تن سے جدا کیے جاتے ہیں۔ پاک فوج اپنے خون سے اپنے حلف کی توثیق کر رہی ہے۔ ہم سیاستدان گری ایریا میں رہتے ہیں، پارٹیاں بدل لیتے ہیں لیکن شہداء نے کبھی پارٹیاں تبدیل نہیں کیں۔ شہداء ہماری ریڈ لائن ہیں۔ شہید پہلے اور آخر میں پاکستانی ہوتا ہے، اس کا تعلق کسی ضلع سے نہیں ہوتا۔
بعد ازاں قومی اسمبلی میں فوج سے اظہارِ یکجہتی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، جسے وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیش کیا۔
0 تبصرے