’گلو بٹوں کا ذکر کریں گے تو ہم بھی رحمان ڈاکو اور عزیر بلوچ کی بات کریں گے‘، عظمیٰ بخاری کا شرجیل میمن کو جواب

’گلو بٹوں کا ذکر کریں گے تو ہم بھی رحمان ڈاکو اور عزیر بلوچ کی بات کریں گے‘، عظمیٰ بخاری کا شرجیل میمن کو جواب

لاہور (ویب ڈیسک): پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اگر شرجیل انعام میمن نے میثاقِ جمہوریت کو نظرانداز کرنے کا فیصلہ کیا ہے تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ غصہ یکطرفہ نہیں ہے، اگر ہماری قیادت پر تنقید کی جائے گی تو ہم بھی کھل کر جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ جماعت ہے جو اس بات پر بھی ناراض ہوتی ہے کہ ووٹر ٹرن آؤٹ اتنا زیادہ کیوں ہوا۔ شرجیل میمن کے فارم 47 سے متعلق بیانات پر ردِعمل دیتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ کیا سندھ حکومت اور پنجاب کی بعض نشستیں بھی فارم 47 یا ’’خیراتی مینڈیٹ‘‘ کے ذریعے حاصل کی گئی تھیں؟ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر کوئی منتخب نشستوں کو مسترد کرے اور صدرِ پاکستان سے استعفے کا مطالبہ کرے تو اس کا جواب دینا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانگھڑ اور میرپور میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ نہ ملنے کی باتیں بھی سامنے آئیں، جبکہ کراچی میں ماضی میں ایم کیو ایم کے ساتھ کیا ہوا، یہ سب جانتے ہیں۔ پنجاب کی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ اگر شرجیل میمن ’’گلو بٹوں‘‘ کا ذکر کرتے ہیں تو ہمارے پاس بھی جواب موجود ہے، ہم بھی رحمان ڈاکو اور عزیر بلوچ جیسے کرداروں کا ذکر کر سکتے ہیں اور بتا سکتے ہیں کہ ماضی میں کیا ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ نظام کی ناکامی کی باتیں کر رہے ہیں، انہیں اپنی وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لینا چاہیے۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اگر ایسی باتیں قیادت کی سطح سے کی جاتیں تو معاملہ مختلف ہوتا، لیکن جس نظام کا خود حصہ ہوں، اسی کے خلاف بات کرنا غیر سنجیدہ رویہ ہے۔