کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک مصروف شاہراہ پر نصب ڈیجیٹل بل بورڈز پر اچانک غیر مناسب ویڈیو چلنے کے واقعے نے شہریوں میں شدید غصہ اور تشویش پیدا کر دی۔
ذرائع کے مطابق ڈی ایچ اے کے علاقے خیابانِ اتحاد پر لگائی گئی ایس ایم ڈی ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز کو مبینہ طور پر ہیک کیا گیا، جس کے نتیجے میں مختصر وقت کے لیے قابلِ اعتراض مواد نشر ہوتا رہا۔ اس غیر متوقع واقعے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی۔
واقعہ عبدالستار ایونیو کے اطراف پیش آیا، جہاں بڑی ڈیجیٹل اسکرینز پر چلنے والی متنازع ویڈیو دیکھ کر راہگیروں اور گاڑی سواروں نے موبائل فون سے ویڈیوز بنا لیں، جو بعد ازاں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام حرکت میں آ گئے اور فوری طور پر متاثرہ اسکرینز کو بند کر دیا گیا تاکہ مزید کسی قسم کی نامناسب نشریات کو روکا جا سکے۔
حکام نے بتایا کہ حفاظتی تدابیر کے تحت ڈی ایچ اے کی دیگر اہم سڑکوں کے علاوہ شاہراہِ فیصل اور کارساز کے علاقوں میں نصب کئی ڈیجیٹل بل بورڈز کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ سسٹمز کی سیکیورٹی جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
اس معاملے کی مکمل تفتیش کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور سائبر کرائم ونگ نے مشترکہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیکنگ میں ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے تکنیکی شواہد، ڈیٹا لاگز اور دیگر ڈیجیٹل ریکارڈز کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا پڑے۔
0 تبصرے