سورج مکھی کے بیج: غذائیت سے بھرپور سپر فوڈ جو صحت کو کئی فوائد دیتا ہے

ماہرین کے مطابق سورج مکھی کے بیج وٹامنز، منرلز اور صحت بخش چکنائی سے بھرپور ہوتے ہیں جو دل، دماغ اور مدافعتی نظام کے لیے مفید ہیں۔

سورج مکھی کے بیج: غذائیت سے بھرپور سپر فوڈ جو صحت کو کئی فوائد دیتا ہے

سورج مکھی کے بیجوں کو غذائیت سے بھرپور سپر فوڈ قرار دیا جاتا ہے، کیونکہ یہ وٹامنز، منرلز اور صحت مند چکنائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ یہ بیج خاص طور پر وٹامن ای سے مالا مال ہوتے ہیں، جو اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر فری ریڈیکلز سے ہونے والے خلیاتی نقصان سے جسم کو محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سورج مکھی کے بیج دل کی صحت کے لیے انتہائی مفید ہیں، کیونکہ ان میں مونو اور پولی ان سیچوریٹڈ فیٹس پائے جاتے ہیں جو خراب کولیسٹرول (ایل ڈی ایل) کو کم کرنے اور دل کی بیماریوں کے خطرے کو گھٹانے میں مدد دیتے ہیں۔ وٹامن ای سوزش اور آکسیڈیٹو اسٹریس کو کم کر کے دل کو اضافی تحفظ فراہم کرتا ہے۔ دماغی صحت کے حوالے سے بھی سورج مکھی کے بیج اہم سمجھے جاتے ہیں۔ وٹامن ای دماغی خلیات کو محفوظ رکھتا ہے جبکہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز یادداشت، توجہ اور مجموعی ذہنی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ جلد کی صحت کے لیے یہ بیج فری ریڈیکلز کے خلاف ڈھال کا کام کرتے ہیں۔ ان میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامن ای جلد کو جوان اور صحت مند رکھنے کے ساتھ ساتھ سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں سے ہونے والے نقصانات سے بھی بچاتے ہیں۔ سورج مکھی کے بیج فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں جو نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے، آنتوں کی کارکردگی درست رکھنے اور مفید بیکٹیریا کی افزائش میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی کی موجودگی انہیں وزن کو قابو میں رکھنے کے لیے بھی مؤثر بناتی ہے، کیونکہ یہ دیر تک پیٹ بھرنے کا احساس دیتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان بیجوں میں موجود میگنیشیم، کیلشیم اور کاپر ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ فائٹو سٹیرولز سوزش کم کر کے ہڈیوں کی مجموعی صحت کو بہتر بناتے ہیں۔ مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں بھی سورج مکھی کے بیج نمایاں فوائد رکھتے ہیں۔ وٹامن ای، سیلینیم اور زنک جیسے اجزاء مدافعتی خلیات کو تقویت دے کر جسم کو انفیکشنز کے خلاف مضبوط بناتے ہیں۔ آنکھوں کی صحت کے حوالے سے ماہرین بتاتے ہیں کہ سورج مکھی کے بیجوں میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس آنکھوں کو آکسیڈیٹو اسٹریس اور عمر کے ساتھ بینائی میں آنے والی کمزوری سے بچاتے ہیں، جبکہ لیوٹین اور زی ایکسینتھین جیسے اجزاء موتیے کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ نوٹ: یہ معلومات عام آگاہی کے لیے ہیں، کسی بھی غذائی تبدیلی سے قبل اپنے معالج یا ماہرِ غذائیت سے مشورہ ضرور کریں۔