بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں چوری کے شبے پر جرگے نے روایتی فیصلہ سناتے ہوئے 8 افراد کو انگاروں پر چلنے کا حکم دیا۔
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں ایک غیر معمولی اور متنازع واقعہ پیش آیا ہے جہاں جرگے نے دکان میں چوری کے شبے پر 8 افراد کو دہکتے انگاروں پر چلنے کا حکم دیا۔ واقعے نے علاقے میں قانون اور انصاف کے روایتی طریقۂ کار پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق آگ پر چلائے جانے کے باوجود 8 میں سے کوئی بھی شخص زخمی نہیں ہوا، تاہم اس واقعے نے عوامی سطح پر شدید تشویش کو جنم دیا ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے جرگے میں شامل 7 افراد کو نامزد کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ایک جرگہ رکن کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قانون سے بالاتر کسی بھی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واقعے نے ایک بار پھر اس بحث کو تازہ کر دیا ہے کہ تنازعات کے حل کے لیے غیر قانونی جرگہ فیصلے کس حد تک انسانی جانوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
0 تبصرے