اسلام آباد: پاکستان کرکٹ کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کراچی چھوڑ کر مستقل طور پر اسلام آباد میں سکونت اختیار کرلی ہے۔
اسلام آباد میں اپنی نئی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے تصدیق کی کہ یہ فیصلہ انہوں نے چند ذاتی وجوہات کی بنیاد پر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو ایک ترقی کرتا ہوا ملک دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم اس کے لیے پالیسیوں اور نظام میں تسلسل سب سے اہم عنصر ہے۔
شاہد آفریدی نے واضح کیا کہ فی الحال سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں اور ان کے نزدیک جمہوری نظام میں حکومت سمیت تمام آئینی عہدوں کو اپنی مقررہ مدت مکمل کرنی چاہیے۔
سابق کپتان نے بتایا کہ ماضی میں انہیں مختلف حکومتی عہدوں کی پیشکش بھی ہوئی، مگر انہوں نے رسمی نوعیت کی ذمہ داریوں سے ہمیشہ گریز کیا۔ ان کے مطابق ریاستی اداروں میں تسلسل اور آئینی مدت کی تکمیل ہی ملکی ترقی کی مضبوط بنیاد بنتی ہے۔
0 تبصرے