سندھ سمیت دنیا بھر میں لاکھوں سندھی جوش و جذبے کے ساتھ ثقافتی دن منا رہے ہیں، قومی گیتوں پر رقص، جيئے سندھ کے نعروں کی گونج

سندھ سمیت دنیا بھر میں لاکھوں سندھی جوش و جذبے کے ساتھ ثقافتی دن منا رہے ہیں، قومی گیتوں پر رقص، جيئے سندھ کے نعروں کی گونج

کراچی (ویب ڈیسک): سندھ سمیت دنیا بھر میں رہنے والے سندھی آج اپنی ثقافت سے محبت کا دن منا رہے ہیں۔ کراچی سے کشمور تک سندھی ٹوپی اور اجرک کی بہار ہے۔ شہروں، دیہاتوں، بستیوں اور وادیوں میں لوگ موئن جو دڑو کی دھرتی کی ثقافت سے بھرپور محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ کلچر ڈے کے موقع پر سندھ کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں تاکہ ثقافت سے محبت کا اظہار کیا جا سکے۔ اسکولوں میں بھی ثقافتی دن کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں طلبہ و طالبات تقاریر اور ٹیبلوز پیش کر کے ہزاروں سال پرانی ثقافت کو اجاگر کر رہے ہیں۔ ثقافتی دن کے موقع پر مشاعروں، محفلِ موسیقی اور دیگر تقریبات بھی جا رہی ہیں۔ مختلف شہروں اور دیہات میں "جےئے سندھ" کے نعروں کی گونج سنائی دی۔ نوجوان، بچے اور بزرگ اجرک اور سندھی ٹوپی پہن کر ریلیوں اور تقریبات میں شریک ہوئے اور اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کیا۔ ریلیوں میں شریک افراد نے قومی نغموں اور صوفیانہ کلام کے ساتھ "جےئے سندھ" کے نعرے لگائے، جس سے ماحول جوش و جذبے سے بھر گیا۔ ثقافتی دن کی تقریبات میں یہ نعرے سندھ کی شناخت، اتحاد اور ثقافتی ورثے کی علامت کے طور پر گونجتے رہے۔