جنسی تعلق سے پھیلنے والے وائرس سے خواتین میں دل کے امراض بڑھنے کا انکشاف

جنسی تعلق سے پھیلنے والے وائرس سے خواتین میں دل کے امراض بڑھنے کا انکشاف

جنسی تعلق سے پھیلنے والے وائرس سے خواتین میں دل کے امراض بڑھنے کا انکشاف طویل اور منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جنسی تعلق سے پھیلنے والا ہیومن پپیلوما وائرس (Human papillomavirus) خواتین میں دل کے امراض بڑھنے کا سبب بن سکتا ہے۔ ہیومن پپیلوما وائرس (HPV) زیادہ تر غیر محفوظ جنسی تعلق سے منتقل ہوتا ہے، تاہم یہ وائرس محفوظ جنسی تعلق کے دوران بھی لاحق ہو سکتا ہے۔ فی الحال اس وائرس کا کوئی تصدیق شدہ علاج موجود نہیں، لیکن ماہرین مختلف دواؤں کے ذریعے اس کا علاج کرتے ہیں۔ عام طور پر ایچ پی وی کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں اور اس وائرس میں مبتلا افراد سنگین بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں، تاہم اکثر یہ وائرس خودبخود ختم بھی ہو جاتا ہے۔ ایچ پی وی سے خواتین اور مردوں میں مختلف اقسام کے کینسر کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس سے خواتین میں دل کے امراض بھی بڑھ سکتے ہیں۔ طبی جریدے یورپین ہارٹ جرنل میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کوریائی خواتین پر تحقیق کی، جو ابتدا میں دل کی کسی بیماری میں مبتلا نہیں تھیں۔ ماہرین نے 17 برس تک ان خواتین میں ایچ پی وی کی سطح، اقسام اور اس سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کا جائزہ لیا، جس سے معلوم ہوا کہ یہ وائرس خواتین میں دل کے امراض بڑھنے کا بھی سبب بن سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایچ پی وی میں مسلسل مبتلا رہنے والی خواتین میں دل کے امراض اور ہارٹ اٹیک سے موت کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ مزید یہ کہ ایچ پی وی میں مبتلا خواتین میں دل کے امراض کا شکار ہونے کے امکانات چار فیصد تک زیادہ ہو جاتے ہیں۔