طلبہ کے شاندار ٹیبلو اور ٹاک شو نے حاضرین کو محظوظ کیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پنگو انگلش اسکول، یوریکا اسکول سسٹم ایف بی ایریا کیمپس میں یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر طلبہ نے وطن سے والہانہ محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کیے جن میں پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کا سب سے نمایاں حصہ سیکنڈری سیکشن کے طلبہ کی جانب سے پیش کیا جانے والا معلوماتی اور حب الوطنی سے لبریز ٹاک شو تھا، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف کے کردار نہایت عمدگی سے اجاگر کیے گئے۔ ٹاک شو میں زید علی خان نے چیف آف آرمی اسٹاف، سبحان نجم نے چیف آف ایئر اسٹاف اور انیقہ علی نے چیف آف نیول اسٹاف کا کردار ادا کیا، جبکہ میزبانی کے فرائض طیبہ سہیل نے احسن انداز میں سرانجام دیے۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور مہمانانِ گرامی نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کی تقریبات نہ صرف بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارتی ہیں بلکہ ان کے دلوں میں حب الوطنی اور خدمتِ وطن کے جذبے کو مزید پروان چڑھاتی ہیں۔
آخر میں اسکول کے پرنسپل نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کے ہمارے طلبہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں۔ یومِ دفاع جیسے قومی دنوں پر انہیں اپنی تاریخ، قربانیوں اور دفاعِ وطن کی اہمیت سے روشناس کرانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آج کے یہ ننھے طلبہ کل کے محبِ وطن اور ذمہ دار شہری بن کر ملک کا نام روشن کریں گے۔
0 تبصرے