پاکستان ورکرز ویلفیئر فنڈ، وزارت آئی ٹی اور این آئی ٹی بی کے درمیان آن لائن سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے معاہدہ

پاکستان ورکرز ویلفیئر فنڈ، وزارت آئی ٹی اور این آئی ٹی بی کے درمیان آن لائن سرکاری خدمات کی فراہمی کے لیے معاہدہ

پاکستان ورکرز ویلفیئر فنڈ، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے واحد آن لائن نظام کے ذریعے شہریوں کو تمام سرکاری خدمات کی فراہمی کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ دستخط کی تقریب بروز منگل ورکرز ویلفیئر فنڈ دفتر اسلام آباد میں ہوئی۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کے سیکرٹری ذوالفقار احمد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل ممتاز نے اپنے اپنے اداروں کی جانب سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ اقدام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر فیصل ممتاز نے کہا کہ عوامی خدمات دینے والے تمام سرکاری اداروں اور محکموں کو ڈیجیٹل پورٹل پر منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شہر میں کوئی بھی پاکستانی ڈیجیٹل پورٹل استعمال کرتے ہوئے ان خدمات تک رسائی حاصل کر سکے گا، ملک میں کسی بھی جگہ سے شہری ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کیلئے درخواست دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد بائیومیٹرک، چہرے کی شناخت اور موبائل فون تصدیق جیسے ڈیجیٹل شناخت کے طریقوں کے ذریعے صوبائی اور محکمہ جاتی رکاوٹوں کا خاتمہ ہے۔ فیصل ممتاز نے کہا کہ منصوبہ وزیراعظم شہبازشریف کا اقدام ہے جس کی سربراہی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلات کی وزیر شزا فاطمہ خواجہ کر رہی ہیں۔ پورٹل کا باضابطہ طور پر آغاز رواں سال چودہ اگست کو کیاجائیگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ورکرزویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس پلیٹ فارم سے محنت کش افراد اور ان کے خاندان بھرپور مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ اس وقت صنعتی محنت کشوں کے بچوں کو تعلیمی وظائف فراہم کر رہا ہے جس کے تحت ادویات، انجینئرنگ، اعلیٰ تعلیم اور محنت کشوں کی بیٹیوں کیلئے شادی گرانٹ شامل ہے۔ ذوالفقار احمد نے مزید کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر چوہدری سالک حسین اور وفاقی سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری کی رہنمائی میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور اسے بیرون ملک بھجوانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔