بلوچ معاشرہ غیرت اور روایات کا امین ہے، خاموشی لمحہ فکریہ ہے، سابق ایم این اے میر عبدالروف مینگل

افسوس آج بچیوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی جیسے دل دہلا دینے والے واقعات رونما ہورہے ہیں

بلوچ معاشرہ غیرت اور روایات کا امین ہے، خاموشی لمحہ فکریہ ہے، سابق ایم این اے میر عبدالروف مینگل

خضدار؛ بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی میر عبدالروف مینگل نے خضدار میں پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچیوں کی عصمت دری بلوچ روایات، اسلامی تعلیمات اور معاشرتی اقدار کے سراسر منافی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک وقت تھا جب بلوچ غیرت اور روایات کی مثالیں دی جاتی تھیں، مگر افسوس آج بچیوں کے ساتھ اجتماعی زیادتی جیسے دل دہلا دینے والے واقعات رونما ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خضدار میں صغریٰ بی بی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔ اگر ایسے غیر اخلاقی جرائم کو روکا نہ گیا تو ظالم مزید طاقتور ہوکر معصوم بچیوں کے ساتھ دیدہ دلیری سے زیادتی کرتے رہیں گے۔ میر عبدالروف مینگل نے کہا کہ معاشرتی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ بلوچ ہمیشہ اپنی روایات اور غیرت کے امین رہے ہیں، لیکن آج کے حالات میں یہ خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج اس واقعے پر آواز بلند نہ کی گئی تو کل مزید ایسے سانحات کو روکنا مشکل ہوگا۔ بی این پی رہنما نے ضلعی انتظامیہ کے بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے چند گھنٹوں کے اندر ملزمان کو گرفتار کرکے مثبت مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملزمان کو نہ صرف قانون بلکہ بلوچ روایات کے مطابق بھی سخت سزا دی جائے گی تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات کا سدباب ہوسکے۔