بلاول کو وزیراعظم بنانے تک زرداری استعفیٰ نہیں دے گا

بلاول کو وزیراعظم بنانے تک زرداری استعفیٰ نہیں دے گا

تجزیہ نگار رضوان رضی نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری استعفیٰ نہیں دے رہے، جب تک بلاول بھٹو وزیراعظم نہیں بنے گا آصف زرداری مستعفیٰ نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کو ہٹانے اور نواز شریف کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ممکنہ ملاقات سے متعلق خبریں چلا کر سیاسی قوتوں کے درمیان پیغام رسانی کی جا رہی ہے، اس قسم کی خبریں تحریک انصاف کی جانب سے پھیلائی جا رہی ہیں۔ یہ بھی ممکن ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے صدر کو دھمکی دی گئی ہو کہ آپ سے استعفیٰ بھی لیا جا سکتا ہے۔ تجزیہ نگار رضوان رضی نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) چھوٹی اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر سادہ اکثریت حاصل کر چکی ہے، دو تہائی اکثریت کے لیے وہ پیپلز پارٹی کی محتاج ہے لیکن سادہ اکثریت کے لیے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان قربتیں بڑھ رہی ہیں لیکن ”ابا جی“ (آصف زرداری) نہیں مانے گا۔ ”ابا جی“ کے پاس کئی ویگو ڈالا ہیں۔ فی الحال آصف زرداری کا موڈ یہی ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا اتحاد برقرار رہے۔ رضوان رضی نے کہا کہ آصف زرداری کو اس بات پر سخت غصہ ہے کہ بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ اگر بھارت ہمارے ساتھ تعاون کرے تو ہم حافظ سعید کو بھارت کے حوالے کر سکتے ہیں۔