لڑکیوں کو اتنا مضبوط بنائیں کہ انہیں کسی سہارے کی ضرورت نہ پڑے: احسن خان

لڑکیوں کو اتنا مضبوط بنائیں کہ انہیں کسی سہارے کی ضرورت نہ پڑے: احسن خان

کراچی: اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں مردوں اور عورتوں کے درمیان محبت کے دوران ایک دوسرے سے حد سے زیادہ توقعات وابستہ کرنے سے رشتے خراب ہوتے ہیں، خاص طور پر لڑکوں کی جانب سے بلاوجہ لڑکیوں سے توقعات رکھنا بھی رشتوں کے ٹوٹنے کی بڑی وجہ ہے۔ حال ہی میں احسن خان نے "فوشیا میگزین" کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنے شوبز کیریئر سمیت سماجی مسائل پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کل والدین اپنے بیٹوں کی اچھی تربیت نہیں کرتے یا پھر ان کی تربیت پر توجہ نہیں دیتے۔ انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والدین نے بھی انہیں سب کچھ نہیں سکھایا، لیکن انہوں نے وقت کے ساتھ زندگی سے بہت کچھ سیکھا۔ احسن خان نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کے لیے زیادہ مسائل ہوتے ہیں کیونکہ شادی کے بعد لڑکی کو ایک نئے گھر جانا ہوتا ہے، جہاں کا ماحول مکمل طور پر مختلف ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لڑکا صرف شادی کرکے لڑکی کو اپنے گھر لے آتا ہے، مگر لڑکی کو نئے لوگوں کے ساتھ گھلنا ملنا پڑتا ہے، اس لیے لڑکیوں کے مسائل زیادہ ہوتے ہیں۔ اداکار نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی معاشرے میں لوگ اپنی بیٹیوں پر سرمایہ کاری نہیں کرتے، انہیں مضبوط نہیں بناتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ لڑکیوں کو اتنا مضبوط بنائیں کہ انہیں کسی سہارے کی ضرورت نہ پڑے اور وہ اپنے تمام کام خود کر سکیں۔ احسن خان نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی عورت کی شادی ختم ہو جائے یا اس کا شوہر دنیا سے چلا جائے تو ایسی صورت میں عورت کچھ بھی نہیں کر سکتی کیونکہ اسے عملی زندگی کے معاملات کا تجربہ ہی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو شعور، تعلیم اور خود مختاری دینا ضروری ہے۔ آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ لڑکیاں اپنے سماجی اقدار، مذہب اور روایات سے آزاد ہو جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ محبت وقت مانگتی ہے، ایک نظر میں ہونے والی محبت، محبت نہیں ہوتی بلکہ وہ صرف ایک عارضی جذبہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو جاننا، سمجھنا اور قبول کرنا ہی اصل محبت ہے اور مل کر ہر شعبے میں بہتر بننا ہی اصل محبت ہے۔ احسن خان نے کہا کہ انہوں نے بہت سے رشتے معمولی باتوں پر ٹوٹتے دیکھے ہیں۔ اکثر رشتے ایک دوسرے سے حد سے زیادہ توقعات رکھنے کی وجہ سے ختم ہو جاتے ہیں۔