پاکستان نے بھارت کے 3 نہیں، 4 رافیل طیارے گرائے، دنیا ہمارے سچ کو تسلیم کر رہی ہے: اسحاق ڈار

پاکستان نے بھارت کے 3 نہیں، 4 رافیل طیارے گرائے، دنیا ہمارے سچ کو تسلیم کر رہی ہے: اسحاق ڈار

اسلام آباد (ویب ڈیسک): نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ فوجی کشیدگی کے دوران بھارت کے تین نہیں بلکہ چار رافیل جنگی طیارے مار گرائے گئے، جبکہ مجموعی طور پر چھ بھارتی طیارے تباہ ہوئے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے پلوامہ واقعے کے وقت کہا تھا کہ اگر رافیل طیارے ہوتے تو کچھ اور نتیجہ ہوتا، لیکن اب بھارت کے پاس رافیل تھے اور ہم نے چار مار گرائے، جن کی تصدیق بھی ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جھڑپ میں بھارت کی روایتی اور جوہری برتری کا تاثر ختم کر دیا گیا ہے، اور وقت نے ثابت کر دیا کہ پاکستان جو کہتا رہا وہ درست تھا، جبکہ بھارت کا بیانیہ جھوٹا ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابی کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ اسحاق ڈار کے مطابق 10 مئی کو پاک فوج کی جوابی کارروائی کے بعد بھارت کا خطے میں بالادستی کا خواب مکمل طور پر چکناچور ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے سفارتی مشنوں کو بھرپور حمایت اور کامیابی ملی ہے، جبکہ بھارت کے اندر ادارے ایک دوسرے پر ناکامی کا الزام لگا رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے 23 اپریل سے 10 مئی تک جو بھی حقائق پیش کیے، وہ اب عالمی سطح پر سچ ثابت ہو چکے ہیں، اور پاکستان کے مؤقف اور مسلح افواج کی جوابی کارروائی کو بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کے خلاف کسی بھی بہانے سے جارحیت کو ’نیا معمول‘ بنانے کا خواب اب دفن ہو چکا ہے، اور خطے میں اس کی بالادستی کا تصور ختم ہو چکا ہے۔ پاکستان کی یہ کامیابیاں ایک اجتماعی قومی کوشش کا نتیجہ ہیں۔