پاک فوج کا مؤثر جواب، بھارتی مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ — ویڈیو منظر عام پر

پاک فوج کا مؤثر جواب، بھارتی مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈکوارٹر تباہ — ویڈیو منظر عام پر

بھارتی فوج کی جانب سے جاری اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاک فوج نے دشمن کی 6 مہار یونٹ کا بٹالین ہیڈکوارٹر نشانے پر لے کر مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔ کارروائی کی ویڈیو بھی منظر عام پر آ چکی ہے، جس میں تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق، 6 مہار یونٹ مقبوضہ کشمیر کے علاقے میں وادی لیپا کے سامنے واقع تھی، جہاں پاکستان کی جانب سے ایک ہدفی کارروائی کے ذریعے یہ فوجی مرکز تباہ کیا گیا۔ اس سے قبل بھی پاک فوج نے دشمن کے 12 انفنٹری بریگیڈ (9 ڈویژن)، جو 15 کور کے تحت کام کر رہی تھی، کو نشانہ بنایا تھا، جس میں بریگیڈ ہیڈکوارٹر مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حملے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔ یاد رہے کہ بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد، باغ، مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو مساجد شہید ہوئیں، جب کہ ایک کمسن بچی سمیت آٹھ پاکستانی شہری شہید اور 35 زخمی ہو گئے۔ پاکستان کی جانب سے اس بزدلانہ اقدام کا بھرپور عسکری جواب دیا گیا۔ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے دشمن کے تین رافیل طیارے، ایک سکوی، ایک مگ 29 اور ایک ڈرون کو مار گرایا، جبکہ ایک اور بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی تباہ کر دیا گیا۔