کے وی ٹی سی کے چیمپیئنز کی نیپال میں8بین الاقوامی تمغوں کے ساتھ کامیابی

تمغہ تقسیم تقریب میں عبدالحسیب خان،سعدالرحمٰن خان،قیصر عالم،فیروزہ سلمان اور دیگر مہمانان کی شرکت

کے وی ٹی سی کے چیمپیئنز کی نیپال میں8بین الاقوامی تمغوں کے ساتھ کامیابی

کراچی۔کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر(کے وی ٹی سی)نے اپنے خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقارتمغہ تقسیم تقریب کا انعقاد کیا جنہوں نے نیپال میں منعقدہ 13ویں کورئین ایمبیسیڈرانٹرنیشنل تائیکوانڈوچیمپئین شپ2025میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کیلئے مجموعی طور پر 8تمغے حاصل کئے جن میں 3طلائی،3نقرئی اور2کانسی کے تمغے شامل تھے۔ تقریب میں پاک کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے معزز مہمانان مینجنگ ڈائریکٹر سعدالرحمٰن خان،گروپ ہیڈ ایچ آراینڈ جی ایس ڈی ایم حماد انور،وائس پریذیڈنٹ جی ایس ایس ڈی محترمہ فیروزہ سلمان اورآفیسر جی ایس ایس ڈی شیزااحسان نے بھی شرکت کی،جن کی طویل المدتی معاونت نے کے وی ٹی سی کے اسپورٹس پروگرام کو شمولیت اورخود مختاری کی ایک روشن مثال بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ مہمانان نے کے وی ٹی سی کے کھلاڑیوں ،کوچز اور انتظامیہ سے ملاقات کی اور ان کی غیرمعمولی کامیابیوںکوسراہا۔مینجنگ ڈائریکٹر پاک کویت انویسٹمنٹ سعدالرحمٰن خان نے کھیلوں کی بحالی کے پروگرام کیلئے سی ای او کے وی ٹی سی سینیٹر عبدالحسیب خان کوچیک پیش کیا۔تمغہ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں مصطفیٰ جمانی،تابش عالم اور عبداللہ خان(طلائی تمغہ)،رانا حسن بن زاہد،حارث عبدالصمد اور سعد افتخار(نقرئی تمغہ)،ابراہیم عالم اور افنان حسین شاہ(کانسی تمغہ) جبکہ ٹیم آفیشلز میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے وی ٹی سی عامرشہاب،ٹیم مینیجر ماسٹر محمدصدیق اورٹیم ہیڈ محمدشاہ شامل تھے ۔سینیٹر عبدالحسیب خان کی قیادت میں ادارہ تعلیم،فنی تربیت اور کھیلوں کے ذریعہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کو بااختیار بنانے کے اپنے مشن پر مسلسل گامزن ہے تاکہ وہ اعتماد ،وقار اورکامیابی کے ساتھ بامقصد زندگی گزارسکیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر عبدالحسیب خان نے شراکت داری اورتعاون کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاک ۔کویت انویسٹمنٹ کمپنی جیسے اداروں کے ساتھ مضبوط شراکت داری اورڈی ای پی ڈی سندھ حکومت کے تعاون کے ذریعہ ہی کے وی ٹی سی ترقی کررہاہے اورخصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کیلئے حقیقی مواقع پیدا کرتا ہے،اس طرح ہم مشترکہ طور سے زیادہ بااختیار اور تفریق سے پاک پاکستان کی تشکیل کرسکتے ہیں۔کے وی ٹی سی کے نائب صدر قیصر عالم نے کھیلوں کے مثبت اورتبیلی لانے والے کردار کو اجاگرکیا اور کہا کہ کھیل نظم وضبط،اعتماد اورٹیم قورک سکھاتے ہیں جو ہر فرد کیلئے ضروری اوصاف ہیں،ہمارے خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کیلئے یہ محج مقابلے نہیں بلکہ مقصد،فخر اوروابستگی کی ایک راہ ہے۔پاک کویت انویسٹمنٹ کے ایم ڈی سعد الرحمٰن خان نے کہا کہ ہم کے وی ٹی سی کے وژن اور عزم سے بے حد متاثر ہیں،یہ نوجوان کھلاڑی حوصلے ،ثابت قدمی اور شمولیت کی وہ حقیقی روح ہیں جس کی پاکستان کو ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کے وی ٹی سی اپنے شاندار کام پر یقیناً داد کی مستحق ہے اور یہ افراد اپنے کام کو اسی جذبے اورعمدگی سے جاری رکھیں۔ عامرشہاب نے کھلاڑیوں پر فخر کرتے ہوئے کہا کہ ہر تمغہ حوصلے اورخوداعتمادی کی کہانی بیان کرتا ہے،کھیلوں کے ذریعے ہم اپنے زیرتربیت افراد کو رکاوٹیں توڑنے،اپنی صلاحیتوں کو دوبارہ دریافت کرنے اورچیلنجز سے آگے بڑھ کرزندگی کا مقصد پانے میں مدد دیتے ہیں۔ایم حماد انور نے کہا کہ کے وی ٹی سی کے ساتھ ہماری وانستگی بااختیاری اورسماجی ترقی کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔محترمہ فیروزہ سلمان نے کہا کہ ان چیمپیئنز کے اعتماد کو دیکھ کر یہ احساس ہوتا ہے کہ اصل صلاحیت ثابت قدمی اور مقصد میں پنہاں ہے،کے وی ٹی سی ہرروز زندگیوں کو بدل رہا ہے۔اس موقع پر انظامیہ نے اس عزم کی تجدید کی کہ کے وی ٹی سی ایسا پلیٹ فارم فراہم کرتا رہے گا جہاں ہر خصوصہ صلاحیتوں کا حامل فرد ترقی کرسکے اور کامیابیاں سمیٹے۔