سب کا سندھ خوشحال سندھ، جامع سماج کی تشکیل کےلیے پرعزم ہیں، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: عالمی یوم اطفال کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آٹزم اور دیگر معذوریوں کا شکار بچوں کے مرکز اجالا سنٹر کا دورہ کیا اور اجالا سنٹر اور محکمہ برائے معذور افراد کی شراکت سے ڈیفنس فیز 8 میں اجالا 2 قائم کرنے کا اعلان کردیا۔
مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ خصوصی بچوں کی ضروریات پوری کرنے کےلیے پرعزم ہے تاکہ جامع سماج کی تشکیل ممکن بنائی جاسکے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جامع سندھ خوشحال سندھ ، برابر کے مواقع ہر بچے کا حق ہے۔۔۔
وزیراعلیٰ سندھ کے ہمراہ سیکریٹری محکمہ معذور افراد طحٰہ فاروقی تھے۔ چیئرمین اجالا سنٹر ذکریا گوندل اور سی ای او حماد اسلم نے وزیراعلیٰ سندھ کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجالا سنٹر کے دورے کے دوروان کلفٹن میں خصوصی بچوں کےلیے الگ پارک بنانے کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بدھ کو کراچی میں اجالا سنٹر کا دورہ کیا۔ سنٹر میں سہولیات کاجائرہ لیا، انتظامیہ سے ملاقات میں خصوصی بچوں خصوصاً آٹزم کا شکار بچوں کے بارے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
دورے کے دوروان وزیراعلیٰ کو اجالا 2 سی آرٹس پروجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ منصوبے کا مقصد آٹزم کا شکار بچوں کی مدد کرنا ہے۔ سنٹر سے بچوں کو خصوصی تعلیم اور تھراپی کی خدمات کے سلسلے میں گراں قدر پیش رفت کی توقع ہے۔ اجالا 2 پروجیکٹ ڈیفنس فیز 8 میں 400 مربع گز پر اجالا کے سربراہ یعقوب زکریا اور صوبائی محکمہ برائے معذور افراد کے تعاون سے قائم کیا جائےگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کےلیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر یعقوب زکریا کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ نے بچوں کےلیے سندھ بھر میں جامع تعلیم کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اجالا 2 کے کنسلٹنٹ کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے کی تین سال کی بجائے 2 سال میں تکمیل یقینی بنائیں۔
مراد علی شاہ نے آٹزم کا شکار بچوں کی ماؤں سے بھی ملاقات کی اور ان سے روزمرہ کی مشکلات کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ والدین نے جامع تعلیم کے مراکز کی کمی، سماجی دباؤ ، تھراپی اور تعلیم کے محدود وسائل کی شکایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے والدین کی شکایات پر ہمدردی کا اظہار کیا اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ہدایت کی کہ کلفٹن بلاک 5 میں الگ پارک قائم کریں۔ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی حکومت خصوصی بچوں کےلیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔
پارک میں جسمانی اور ذہنی معذوری کا شکار بچوں کی ضروریات کے مطابق سہولیات ہوں گی، ویل چیئر راستہ اور سینسرز سے لیس پلے ایریا بھی بنایا جائےگا، وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم بچوں کی ایسے ماحول میں نشونما چاہتے ہیں جہاں وہ خود کو ماحول کا حصہ، با اختیار اور حمایت یافتہ محسوس کریں۔
آٹزم کا شکار بچوں کے والدین نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ ان کے بچوں کو اسکول سے نکال دیا گیا ہے جس پر وزیراعلیٰ نے سیکریٹری محکمہ معذور افراد طحہ فاروقی کو ہدایت کی کہ والدین کی شکایات کا ازالہ کریں اور انہیں آگاہ کریں۔
مراد علی شاہ نے مجوزہ خصوصی شہر کے منصوبے پر بھی روشنی ڈالی۔ منصوبے میں تمام رہائشیوں خصوصاً معذوری کا شکار افراد کےلیے جامع ماحول موجود ہوگا، منصوبے میں پبلک انفرا اسٹرکچر، خصوصی ٹرانسپورٹ سہولیات اور آگاہی پھیلانے کا بندوبست بھی ہوگا۔
دورے کا اختتام وزیراعلیٰ سندھ کے اس وعدے کے ساتھ ہوا کہ حکومت سندھ خصوصی بچوں کی ضروریات پوری کرنے کےلیے پرعزم ہے تاکہ جامع سماج کی تشکیل ممکن بنائی جاسکے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ جامع سندھ خوشحال سندھ ، برابر کے مواقع ہر بچے کا حق ہے۔
0 تبصرے