اساتذہ اور طلباء کے وفد نے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 2024 میں نمایاں شرکت کی
ٹنڈوجام: سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے اساتذہ اور طلباء کے ایک وفد نے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو 2024 میں نمایاں شرکت کی۔ یہ ایونٹ ایکسپو سینٹر لاہور میں منعقد ہوا، جس کی میزبانی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور اور پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (پی پی اے) نے مشترکہ طور پر کی۔ اس پولٹری سائنس کانفرنس (پی ایس سی، آئی پی ای ایکس 2024) میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کی فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ ویٹرنری سائنسز کے 90 سے زائد طلباء نے اپنے اساتذہ کے ہمراہ شرکت کی۔ جن میں 50 لڑکے اور 40 لڑکیاں شامل تھیں۔ طلباء کے وفد میں ڈی وی ایم، بی ایس پولٹری، اور فوڈ سائنس کے مختلف ڈگری پروگرامز کے طلباء شامل تھے، ان طلباء نے تین دن تک جاری رہنے والی کانفرنس کے مختلف سیشنز میں حصہ لیا اور جدید پولٹری صنعت میں ہونے والی اختراعات اور ترقیات سے بھرپور استفادہ کیا۔ کانفرنس میں سندھ زرعی یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے شعبہ پولٹری کے چیئرمین ڈاکٹر ناصر راجپوت، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر تنویر فاطمہ میانو، ڈاکٹر محمد نعیم، ڈاکٹر تحسین فاطمہ، اور ڈاکٹر منیر جمالی نے اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر تفصیلات بتاتے ہوئے ڈاکٹر ناصر راجپوت نے بتایا کہ کانفرنس کے لیے شائع ہونے والی ایبسٹریکٹ بک میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے 8- تحقیقی مقالے شامل کیے گئے تھے، جو کہ ہمارے طلباء کی اعلیٰ معیار کی تحقیق کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اس کے علاوہ، طلباء نے کانفرنس میں منعقدہ کوئز مقابلوں میں بھی حصہ لیا، جس نے ان کی تعلیمی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا۔ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر تنویر فاطمہ میانو نے اس موقع پر کہا کہ انٹرنیشنل پولٹری ایکسپو ہمارے اساتذہ اور طلباء کے لیے ایک غیر معمولی سیکھنے کا پلیٹ فارم میسر ہوا، جہاں پر پولٹری سائنس میں جدید رجحانات اور ٹیکنالوجیز سے آگاہ کیا گیا، اس کانفرنس میں شرکت کے لیے سندھ زرعی یونیورسٹی کے وفد کو سونا فیڈز حیدرآباد، احسان فیڈز کراچی، اور اے ون فیڈ کی جانب سے تعاون فراہم کیا گیا۔ ایونٹ کے اختتام پر اساتذہ اور طلباء کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں سرٹیفکیٹ اور شیلڈز سے نوازا گیا۔ دوسری جانب سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے وفد کی شرکت کو سراہا اور کہا کہ اس ایکسپو سے طلباء کو جدید ٹیکنالوجی، مارکیٹنگ، اور پولٹری کی فوڈ انڈسٹری کی اہمیت سے آگاہی حاصل ہوگی۔
0 تبصرے