عریاں مواد کا الزام: ریئلٹی شو "لازوال عشق" کے خلاف عدالت میں درخواست دائر

عریاں مواد کا الزام: ریئلٹی شو

اسلام آباد (شوبز نیوز) نامناسب اور عریاں مواد نشر کرنے کے الزامات کے تحت ریئلٹی شو "لازوال عشق" کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔ "لازوال عشق" کی میزبانی اداکارہ عائشہ عمر کر رہی ہیں، جن کا دعویٰ ہے کہ یہ کوئی "ڈیٹنگ شو" نہیں ہے، تاہم سوشل میڈیا صارفین اس پر تنقید کرتے ہوئے اسے اسلامی ملک میں فحاشی پھیلانے کا ذریعہ قرار دے رہے ہیں۔ شو کا ٹیزر اور ٹریلر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر اس پر پابندی کا مطالبہ شروع ہو گیا تھا، جس پر پیمرا نے وضاحت کی تھی کہ یہ شو یوٹیوب پر نشر کیا جا رہا ہے اور اس پر پابندی لگانا پیمرا کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ شو کی چند اقساط جاری ہونے کے بعد اب اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں پیمرا اور پی ٹی اے سے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ امن ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین محمد فائق شاہ نے شو کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے اس کے مواد کو غیر اخلاقی اور معاشرتی اقدار کے منافی قرار دیا ہے اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ مذکورہ شو ملک کی مذہبی و سماجی اقدار، روایات اور اخلاقیات کے خلاف مواد پیش کر رہا ہے، اور تفریح و آزادی کے نام پر بے حیائی کو فروغ دے رہا ہے، جس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ درخواست میں اسلامی نظریاتی کونسل کے کردار کے حوالے سے بھی رہنمائی طلب کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پیمرا اور پی ٹی اے کو سخت نگرانی کی ہدایت دی جائے۔ درخواست میں وفاقی حکومت، پیمرا، پی ٹی اے، اسلامی نظریاتی کونسل اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کو فریق بنایا گیا ہے۔