کراچی: وزیر داخلہ محسن نقوی نے پیر کی شام پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بلاول ہاﺅس کراچی میں ملاقات کی جس میں ملک میں امن و امان کی صورتحال اور سیاسی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔زرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماﺅں کے مابین حالیہ دنوں میں پنجاب میں پیدا ہونےوالی صورت حال اور حکومتی کاروائی پرگفتگو ہوئی۔ بات چیت کے دوران افغان مہاجرین کے سندھ سے انخلا سے متعلق معاملات اور حکمت عملی بھی زیر غور آئی ۔زرائع نے بتایا ہے کہ وزیرداخلہ نے بلاول بھٹو زرداری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی موجودہ حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے وفاقی حکومت اس اعتماد میں لیکر قومی پالیسیاں تشکیل دے گی۔ملاقات کے دوران وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کے درمیان امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے قریبی تعاون کے طریقوں پر غورکیا گیا۔اس موقع پر اس توقع کا بھی اظہار کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن ) اور پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کے مابین حالیہ رابطوں کے ذریعے بہت سی غلط فہمیوں کا ازالہ ممکن ہوسکے گا ۔واضح رہے کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے گزشتہ دنوں وزیراعظم شہبازشریف سے بھی ملاقات کی تھی ۔محسن نقوی دونوں جماعتوں کے درمیان باہمی اعتماد سازی کے حوالے سے خاصے متحرک رہے ہیں اور ان کی یہ کوشش ہے کہ دونوں جماعتیںسیاسی ہم آہنگی کے ذریعے جمہوری نظام کے استحکام کے لئے مل کر کام کریں۔دریں اثناءپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سندھ میں امور بلدیات کے وزیر سید ناصر حسین شاہ نے بلاول ہاو¿س میں ملاقات کی، جس میں انہوں نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ سالڈ ویسٹ منجمنٹ کی کارکردگی کو مزید بہتر کرتے ہوئے ادارے کے دائرہ کار کو بڑھایا جائے۔بلاول بھٹو زرداری سے سندھ میں محنت و افرادی قوت کے محکموں کے وزیر سعید غنی نے بلاول ہاو¿س میں ملاقات کی اور مزدوروں، کسانوں کے حوالے سے فلاحی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پی پی پی گلگت بلتستان کے صدر امجد ایڈووکیٹ نے بلاول ہاو¿س میں ملاقات کی جس میں گلگت بلتستان کی سیاسی اور انتظامی صورت حال پر بات چیت ہوئی، اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو امجد ایڈووکیٹ نے گلگت بلتستان میں امن وامان کی صورت حال پر بھی بریفنگ دی۔
0 تبصرے