ملاقات میں کراچی میں پیپلزپارٹی کے 2 کارکنوں کے قتل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گيا
کراچی:نگراں وزیراعلیٰ جسٹس (ر) مقبول باقر سے سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنما سعید غنی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں کراچی میں پیپلزپارٹی کے 2 کارکنوں کے قتل پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ سابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دو کارکنان حسین الہدی اور شوکت حماد یکے بعد دیگرے قتل ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں تحفظات اور خدشات کی لہر دوڑ گئی ہے۔ مراد علی شاہ نے نگراں وزیراعلیٰ پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیں اور لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ نگراں وزیراعلیٰ نے سابق وزیراعلیٰ کو ہمدردی سے سنا اور کہا کہ انہوں نے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے پہلے ہی معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انہیں یقین دلایا کہ مناسب انکوائری کی جائے گی۔ جسٹس باقر نے کہا کہ متاثرین کی سیاسی وابستگی کے علاوہ ان کی جان قیمتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر شہری کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ نگراں وزیراعلیٰ نے دورے پر آنے والے سابق وزیراعلیٰ کو یقین دلایا کہ کیسز میں انصاف کیا جائے گا۔
0 تبصرے