کراچی (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم ہجرت کرکے قائداعظم کے پاکستان میں آئے تھے، لیکن ہمیں بھٹو کے پاکستان میں پھینک دیا گیا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ دھرتی ماں صرف پاکستان ہے، جبکہ صوبے صرف انتظامی یونٹ ہیں، اس سے زیادہ ان کی کوئی حیثیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کا سب سے زیادہ استحصال ہوا ہے، اے پی ایم ایس او کے منشور میں صوبے کا ذکر تھا، لیکن اب یہ پورے ملک کی آواز بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا پہلا مطالبہ ہے کہ پورے ملک میں آبادی کے لحاظ سے صوبے قائم کیے جانے چاہئیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ’’آپ ہمیں اپنا صوبہ دے دیں، آرٹیکل 140-اے ہم خود نافذ کرلیں گے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں سندھ اسمبلی میں سندھودیش کے خلاف قرارداد پیش کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج صوبے کیوں ہونے چاہئیں، اس کے لیے طویل دلیل دینے کی ضرورت نہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے دہراتے ہوئے کہا کہ ’’ہم ہجرت کرکے قائداعظم کے پاکستان میں آئے تھے، ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیل کر پھینک دیا گیا۔‘‘
0 تبصرے