حیدرآباد دکن (ویب ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم Narendra Modi نے عوام کو سونا نہ خریدنے، پٹرول کا استعمال کم کرنے اور شادیاں ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔
حیدرآباد دکن میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے عوام پر زور دیا کہ وہ پٹرول اور ڈیزل کا استعمال کم کریں، جہاں ممکن ہو وہاں پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو اور دیگر عوامی ذرائع استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں پرائیویٹ گاڑیوں کا استعمال ضروری ہو وہاں کار پولنگ کو فروغ دیا جائے، حتیٰ کہ شادیاں اور بیرونِ ملک سفر بھی ملتوی کیے جائیں تاکہ غیر ضروری زرمبادلہ کے اخراجات سے بچا جا سکے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو زرمبادلہ کے ذخائر بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی، اور معاشی حب الوطنی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کووڈ دور کے “ورک فرام ہوم” نظام کو دوبارہ اپنانے، آن لائن کانفرنسز اور ورچوئل میٹنگز کو فروغ دینے کی بھی اپیل کی۔
رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث بھارت کو درپیش سب سے بڑا چیلنج زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ ہے۔ بھارت دنیا کا تیسرا بڑا تیل درآمد کرنے والا ملک ہے اور خلیجی ممالک سے آنے والے تیل پر انحصار کرتا ہے، جس کی وجہ سے معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ میں بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 7.79 ارب ڈالر کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد یہ 690.69 ارب ڈالر رہ گئے ہیں۔
خام تیل کی بڑھتی قیمتوں اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے باعث بھارتی معیشت پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کے نتیجے میں سونا خریدنے اور بیرون ملک سفر کے اخراجات کم کرنے پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم کیا جا سکے۔
0 تبصرے