مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران قرارداد پیش کی
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ”معرکۂ حق“ کے دوران پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا اور دشمن کے جدید رافیل طیاروں کو تباہ کر دیا۔
مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران قرارداد پیش کی۔ پیش کردہ قرارداد کے متن میں پاک فوج کے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ایوان ملکی دفاع کے لیے دی گئی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں تاریخی حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنا ایٹمی پروگرام پاکستان سے پہلے شروع کیا اور مسلسل فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، لیکن ہر بار اسے منہ توڑ جواب ملا۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ بھارت کو جن رافیل طیاروں پر بہت ناز تھا، وہ پاکستانی شاہینوں کے مقابلے میں ناکام ثابت ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے انکشاف کیا کہ پاکستان کا آپریشن صرف 52 منٹ پر مشتمل تھا، جس میں 4 رافیل سمیت بھارت کے 8 طیارے گرائے گئے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بھارت کے 75 طیارے فضا میں موجود تھے لیکن وہ سب پاکستانی نشانے پر تھے، جبکہ 8 مئی کو کراچی تک پہنچنے والے بھارت کے 77 سے زائد ڈرونز بھی تباہ کر دیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رافیل طیارہ چاہے کتنا ہی جدید کیوں نہ ہو، لیکن اسے اڑانے کے لیے دل اور حوصلہ چاہیے، جو صرف پاکستانی پائلٹس کے پاس ہے۔
0 تبصرے