کراچی پریس کلب کے اراکین کو کی پی سی ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں گے: سعید سربازی

اپنے اراکین کی فلاح و بہبود اور پریس کلب کی تعمیر و ترقی کی کوششیں جاری رکھیں گے

کراچی پریس کلب کے اراکین کو کی پی سی ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں گے: سعید سربازی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب کی باڈی کلب کے ممبران کو صحت کی طبی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، ممبران کو صحت کی سہولتوں کیلئے پہلی بار ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں گے، کوشش کی جاری ہے کہ ممبران کو کراچی سے اندورن سندھ تک مختلف امراض کی تشخیص اور علاج کی سہولتیں بلامعاوضہ فراہم کی جاسکیں۔ یہ بات صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی اورسیکریٹری پریس کلب شعیب احمدنےثواب ٹرسٹ کی جانب سے کلب کے ممبران کے لئے گردوں کے امراض کی تشخیص اور علاج ومعالجے کے لیے مفاہمتی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ثواب ٹرسٹ کے ٹرسٹی سینیٹر عبدالحسیب خان، ٹرسٹ کے صدر پروفیسر وقارکاظمی، سینیئر صحافی غازی صلاح الدین، کلب کے نائب صدر مشتاق سہیل، سیکریٹری ہیلتھ کمیٹی طفیل احمد،ثواب ٹرسٹ کے سی ای او شہلا احمد، کے یو جے کے سیکریٹری نعمت خان ،ممبر گورننگ باڈی شمس کیریو، ذوالفقار راجپر، کفیل الدین فیضان، یاسر سلیم سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے کہا کہ موجودہ باڈی کراچی کے تمام اضلاع میں موجود پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر میں قائم اسپتالوں اور لیبارٹریز میں کلب کے ممبران کو صحت کے تمام تر سہولتیں فراہم کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ اس ضمن میں پریس کلب کے ممبران کو اس سال علاج و معالجے اور امراض کی تشخیص کے لیے کی پی سی ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ تقریب سے ثواب ٹرسٹ کے ٹرسٹی سینیٹر عبدالحسیب خان نے کہاکہ علاج و معالجہ فراہم کرنا ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے، کراچی پریس کلب ملک اور ہماری بھی شناخت ہے، ملک میں معاشی ناہمواریوں کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقہ شدید پریشانی کے عالم میں ہے، مہنگائی کے ساتھ ساتھ علاج و معالجہ عام ادمی کی دسترس سے باہر ہوگیا ہے۔ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ثواب ٹرسٹ نے کراچی میں امراض گردہ کی تشخیص اور ڈائیلسس کی سہولت بلامعاوضہ فراہمی شروع کردی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ثواب ٹرسٹ کی جانب سے علاج کی سہولتیں کراچی پریس کلب کے تمام اراکین کو بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ثواب ٹرسٹ اور کراچی پریس کلب کے درمیان طبی سہولتوں کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کیا اور مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے جبکہ کراچی پریس کلب کے جانب سے مفاہمتی یادداشت پر پریس کلب کے صدر اور سیکریٹری نے بھی دستخط کیے۔ تقریب سے ثواب ٹرسٹ کے صدر پروفیسر وقارکاظمی نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے گردے کے امراض کی تشخیص اور ڈائیلسس کرانا ناممکن ہوگیا ہے، اس صورتحال کے پیش نظر ثواب ٹرسٹ نے غریب مریضوں کے علاج کے لیے ڈائیلسس بھی بلامعاوضہ کیے جارہے ہیں، جہاں بلاتفریق علاج کی سہولتیں بلاومعاوضہ فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سینٹر میں گردے خراب ہونے سے بچاؤ سمیت بلند فشارں خون اور ذیابطیس کے مریضوں کا بھی مفت علاج کیا جارہا ہے۔ کراچی پریس کلب کے تمام اراکان کو یہ تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔