چین کے تعاون سے تیار پہلی ہنگور کلاس آبدوز پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل

چین کے تعاون سے تیار پہلی ہنگور کلاس آبدوز پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل

بیجنگ: چین کے تعاون سے تیار کی گئی پہلی ہنگور کلاس آبدوز پاکستان نیوی کے بیڑے میں شامل کر لی گئی ہے۔ پاکستان نیوی کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ تقریب چین میں منعقد ہوئی، جس میں صدر آصف علی زرداری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر نے کہا کہ آبدوز ہنگور کی کمیشننگ پاکستان نیوی کی جدیدیت کے سفر میں ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، سمندری مفادات کے تحفظ اور اقتصادی راہداریوں کو محفوظ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہم سمندری راستوں میں رکاوٹ عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ یہ آبدوزیں جارحیت کو روکنے اور بحیرہ عرب میں اہم تجارتی راستوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی ’ہنگور‘ پہلی آبدوز تھی جس نے 1971 کی پاک بھارت جنگ میں دوسری عالمی جنگ کے بعد کسی بحری جہاز کو تباہ کیا تھا۔ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ترین ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن ٹیکنالوجی، سونار سسٹمز اور اسٹیلتھ ڈیزائن سے لیس ہیں اور طویل عرصے تک پانی کے اندر آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور گہری دوستی میں ایک نیا باب ہے۔ وزیراعظم اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اس تاریخی سنگ میل کے حصول پر پوری قوم اور پاکستان نیوی کو مبارکباد دی ہے۔