کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2026 کے شیڈول اور رجسٹریشن پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ 16 اگست 2026 بروز اتوار صبح 10 بجے منعقد ہوگا، جبکہ امیدواروں کے لیے آن لائن رجسٹریشن 22 جون سے شروع ہوگی جو 8 جولائی تک جاری رہے گی۔ لیٹ فیس کے ساتھ رجسٹریشن 13 جولائی تک جمع کرائی جا سکے گی۔
پی ایم ڈی سی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ لیٹ رجسٹریشن فیس 13 ہزار روپے ہوگی اور بین الاقوامی ٹیسٹ سینٹرز کے لیے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ تمام فیسیں ناقابلِ واپسی اور ناقابلِ منتقلی ہوں گی۔
سندھ میں ایم ڈی کیٹ کا انعقاد سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، پنجاب میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، خیبرپختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے تحت کیا جائے گا۔
اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاض میں امتحان شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے انتظام میں منعقد ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق سندھ کے امیدوار کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ میں قائم مراکز میں امتحان دے سکیں گے، جبکہ پنجاب کے امیدوار 14 مختلف شہروں میں ٹیسٹ میں شرکت کریں گے۔
خیبرپختونخوا میں پشاور، مردان، سوات اور ایبٹ آباد سمیت 8 شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے جائیں گے، جبکہ بلوچستان کے امیدوار کوئٹہ میں امتحان دے سکیں گے۔
بین الاقوامی امیدواروں کے لیے ریاض میں ٹیسٹ سینٹر قائم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق ایک بار منتخب کیے گئے امتحانی مرکز کو بعد میں تبدیل نہیں کیا جا سکے گا۔
ایم ڈی کیٹ 180 ایم سی کیوز پر مشتمل ہوگا اور امتحان میں نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی، یعنی غلط جواب دینے پر امیدواروں کے نمبر نہیں کاٹے جائیں گے۔
اس کے علاوہ امیدواروں کو ایم ڈی کیٹ پورٹل کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی، جبکہ نامکمل درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔
ایم ڈی کیٹ کا نصاب اور دیگر تفصیلات پی ایم ڈی سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔
پی ایم ڈی سی نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر امتحانی شیڈول میں تبدیلی کا اختیار کونسل کے پاس محفوظ ہوگا۔
0 تبصرے