سندھ کابینہ کے اجلاس میں اسکول بند کرنے سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ اسکول 16 مارچ سے 31 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی کر دی گئی ہے، نئی گاڑیوں اور فرنیچر کی خریداری پر پابندی لگا دی گئی ہے، جبکہ وزراء نے پولیس سیکیورٹی کی گاڑیاں سرنڈر کر دی ہیں اور 60 فیصد گاڑیوں کو دو ماہ کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جمعہ کے دن سرکاری دفاتر میں چھٹی نہیں ہوگی بلکہ ورک فرام ہوم کیا جائے گا۔ سرکاری دفاتر میں ریفریشمنٹ پر دو ماہ کے لیے پابندی ہوگی اور غیر ضروری پروٹوکول سے گریز کیا جائے گا۔ کوئی بھی سرکاری تقریب کسی ہوٹل میں نہیں بلکہ سرکاری عمارت میں منعقد ہوگی، جبکہ ارکانِ اسمبلی کی تنخواہوں سے متعلق فیصلہ سندھ اسمبلی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سطح پر افطار ڈنر پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ہم بچت کرنا چاہتے ہیں مگر معیشت کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔ عید کے دنوں میں دکانوں کے اوقات کار وہی رہیں گے۔ وفاقی حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ خوشی سے نہیں کیا، اور بچائی گئی رقم عوام کی فلاح پر خرچ کی جائے گی۔
0 تبصرے