اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے بیٹے قاسم خان کی بات کو وفاقی حکومت نے متنازع بنایا ہے۔
اسلام آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ قاسم خان کی تقریر کا اردو میں ترجمہ کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بیٹے کے اپنے والد کے لیے جذبات تھے، جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ ایک بیٹے کی اپنے والد کے لیے فکر ہی اس بات میں ظاہر ہوتی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اس بات کو یورپی تجارتی سہولت معاہدہ (جی ایس پی پلس) سے جوڑ کر غلط بیان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی آنکھ میں بھی تکلیف ہے اور ان کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے الزام لگایا کہ وفاقی حکومت ماحولیاتی تحفظ کے خلاف سازش کر رہی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں ضرورت سے زیادہ درخت لگائے گئے ہیں۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت ماحولیاتی تحفظ کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور جی ایس پی پلس کے اصولوں کو بھی پامال کر رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر صنعتیں درست طریقے سے چلتی ہوتیں تو تجارتی خسارہ کم ہوتا، لیکن وفاقی پالیسیوں کی وجہ سے کسان، طلبہ اور عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ قاسم خان کی تازہ تقریر کو موجودہ جعلی حکومت نے غلط رنگ دے کر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ جعلی حکومت اپنی معاشی ناکامیوں کا الزام قاسم خان پر ڈال کر اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قاسم خان کی تقریر کا اردو ترجمہ عوام تک حقیقت پہنچانے کے لیے کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ یورپی ممالک تجارتی تعلقات کے لیے جمہوریت، انسانی حقوق، ماحولیاتی تحفظ اور شفاف حکمرانی کو لازمی قرار دیتے ہیں، جبکہ موجودہ حکومت ان اصولوں کی خلاف ورزی کر کے الزام پی ٹی آئی پر لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان جی ایس پی پلس کے اہل رہے، اور جعلی حکمران عمران خان کی مخالفت میں اتنے اندھے ہو گئے ہیں کہ پاکستانی قوم اب ان کا چہرہ دیکھنا نہیں چاہتی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ملک بھر میں احتجاج کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے بعد اب بشرابی بی کے ساتھ بھی مسائل سامنے آ رہے ہیں۔
0 تبصرے