اسلام آباد (بیورو) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے حوالے سے غیر ضروری قیاس آرائیوں کی تردید کی ہے۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میڈیا میں زیر گردش باتوں کے برخلاف، مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعہ ختم کرنے کے لیے کی جانے والی بات چیت کے حوالے سے کوئی غیر ضروری قیاس آرائیاں درست نہیں ہیں۔ تاہم، انہوں نے تصدیق کی کہ امریکہ اور ایران کے درمیان غیر مستقیم بات چیت جاری ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اس اہم عمل میں ایک مرکزی کردار ادا کر رہا ہے، جہاں دونوں فریقین کے درمیان پیغامات پہنچائے جا رہے ہیں، اور اس سلسلے میں امریکہ نے 15 نکات پیش کیے ہیں جن پر ایران غور کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اس امن عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ترکی اور مصر سمیت دیگر برادر اسلامی ممالک بھی بھرپور تعاون کر رہے ہیں تاکہ خطے میں جاری کشیدگی جلد ختم کی جا سکے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ موجودہ پیچیدہ حالات میں بات چیت اور سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے، جس کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور جاری تنازعات کا حل تلاش کیا جا سکتا ہے۔
0 تبصرے