اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں کویتی ولی عہد نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویتی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کو فون کیا۔
بیان کے مطابق گفتگو کے دوران وزیراعظم نے کویت پر ہونے والے حملوں کی مذمت کی اور مشکل وقت میں کویتی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کویتی قیادت کو مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
بیان کے مطابق کویتی ولی عہد نے پاکستانی وزیراعظم کی قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کی۔
انہوں نے موجودہ بحران میں کویت کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور حالات بہتر ہوتے ہی پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کویتی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔
0 تبصرے